کراچی؛ چائینیز کی سیکیورٹی میں غفلت، نجی کمپنی کے فوکل پرسن کی عبوری صمانت میں توثیق
فوٹو: فائل
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چائینیز کی سیکیورٹی میں غفلت اور لاپرواہی برتنے کے مقدمے میں نجی کمپنی کے فوکل پرسن ملزم کی عبوری صمانت میں توثیق کر دی۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے روبرو چائینیز کی سیکیورٹی میں غفلت اور لاپرواہی برتنے کے مقدمے میں ملزم کی ضمانت کی سماعت ہوئی۔
پراسیکیوشن نے موقف دیا کہ ملزم نے چائینیز کی آمد و رفت کے دوران ایس او پیز کا خیال نہیں رکھا، ملزم نے چائینیز کی آمد کی متعلقہ تھانے میں اطلاع دی اور نہ مناسب سیکیورٹی کا انتظام کیا۔ ملزم کے خلاف تھانہ موچکو میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
وکیل صفائی لیاقت علی خان گبول ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ ملزم محمد کمال بے گناہ ہے اور میرے کلائنٹ نے بطور فوکل پرسن متعلقہ تھانے کو اطلاع بھی دی۔ تمام قانونی تقاضے پورے کیے لیکن پولیس اور ایس پی نے کوئی سیکیورٹی فراہم نہیں کی۔
وکیل نے بتایا کہ ملزم عبوری ضمانت کے بعد انویسٹیگیشن بھی جوائن کر چکا ہے، ملزم انویسٹیگیشن کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون بھی کر رہا ہے۔
عدالت نے نجی کمپنی کے فوکل پرسن ملزم محمد کمال کی عبوری ضمانت کی توثیق کر دی۔