کراچی: مویشی چھین کر فرار ہونے میں ملوث دو ملزمان گرفتار، ٹرک برآمد
پاک کالونی پولیس انویسٹی گیشن پولیس نے سی سی ٹی وی کی مدد سے دو ملزمان کو گرفتار کرتے ہوئے ٹرک برآمد کرلیا
پاک کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے بھاری مالیت کے مویشی چھین کر فرار ہونے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے شہزور ٹرک برآمد کرلیا۔
پاک کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تکنیکی بنیادوں پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کے دوران بھاری مالیت کے مویشی اسلحہ کے زور پر چھین کر فرار ہونے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال کیا جانے والا شہزور ٹرک برآمد کرلیا۔
ترجمان ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈسٹرکٹ کیماڑی کے مطابق گزشتہ ماہ 24 جولائی کو 08/10 مسلح ملزمان نے موچکو تھانے کی حدود ابراہیم گوٹھ میں قائم فارم ہاؤس پر چوکیدار اور گوالے کو اسلحہ کے زور پر یرغمال بنا کر وہاں پر موجود لاکھوں روپے مالیت کی بھینس اور گائے چھین کر فرار ہوگئے تھے جس کا مقدمہ موچکو تھانے میں درج ہے۔
تاہم، پاک کالونی انویسٹی گیشن پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے مذکورہ واردات میں ملوث دو ملزمان یاسین اور سجاد کو گرفتار کرلیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کو شہزور ٹرک میں چھینے گئے مویشی لے جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا جبکہ انویسٹی گیشن پولیس چھینے گئے مویشی کی برآمدگی اور گروہ میں شامل دیگر ملزمان کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔