خیبرپختونخوا؛ تخت بھائی میں پھر سیلابی صورتحال، چھت گرنے سے ایک شہری جاں بحق

شانگلہ کے علاقے پختنگی میں کلاؤڈ برسٹ سے سیلاب آگیا، جس میں کار بہہ گئی اور سڑک کو بھی نقصان پہنچا

فوٹو: ایکسپریس نیوز

مردان:

خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کے علاقے تخت بھائی میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں سیلاب سے ایک مرتبہ پھر تباہی کا منظر پیش آیا جہاں چھت گرنے سے ایک شہری جاں بحق اور دو بچے زخمی ہوگئے جبکہ دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شدید بارش نے خیبر پختونخوا کو ایک بار پھر  اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، تخت بھائی میں موسلادھار بارش کے نتیجے میں جلالہ میں کمرے کی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔

تخت بھائی میں وقفے وقفے سے تیز بارش جاری ہے اور لوند خوڑ میں تیز بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری کی وجہ سےکھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔

دوسری جانب ذرائع بتایا کہ اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

ادھر شانگلہ کے بالائی علاقے یختنگی میں ایک بار پھر کلاوڈ برسٹ  سے سیلابی صورت حال پیدا ہوئی ہے جہاں سیلاب میں ایک موٹر کار بہہ گئی اور سڑک کا ایک حصہ بھی سیلابی پانی میں بہہ گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں 15 اگست کو آنے والے سیلاب نے شانگلہ کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا ئی تھی اور اب  23 اور 24 اگست کی درمیانی رات کو ایک مرتبہ پھر کلاوڈ برسٹ سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے اور سڑک بھی سیلاب برد ہو گئی تاہم ضلعی انتظامیہ نے روڈ کو ٹریفک کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔

Load Next Story