حزب اللہ کو غیرمسلح کرنا؛ اسرائیل نے لبنان کو لبھانے کیلیے پُرکشش پیشکش کردی

لبنان کی کابینہ نے فوج کو حکم دیا ہے کہ حزب اللہ کو ایک سال کے اندر غیرمسلح کرنے کے لیے اقدامات کریں

حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے بعد لبنانی چوکیوں سے اسرائیلی فوجیوں کو بھی واپس بلالیں گے، نیتن یاہو

اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لیے لبنان کو پوری مدد فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے اپنی فوجیں لبنانی چوکیوں سے واپس بلانے کا عندیہ بھی دیدیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان کی خودمختاری کی بحالی اور ریاستی اداروں کی بالادستی کے لیے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

بیان میں یہ پیشکش بھی کی گئی ہے کہ حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے لبنانی فیصلے کے حق میں ایک محفوظ اور مستحکم مستقبل کیلئے تعاون پر آمادہ ہیں۔

اسرائیل نے نہ صرف حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی کوششوں کی مکمل حمایت کرنے کا اعلان کیا بلکہ اس کے بدلے میں مرحلہ وار اپنی فوج کو جنوبی لبنان کی چوکیوں سے واپس بلانے کا بھی عندیہ دیا۔

وزیراعظم ہاؤس کے بیان میں کہا گیا کہ اگر لبنانی فوج ضروری اقدامات اٹھا کر حزب اللہ کو غیر مسلح کرتی ہے تو اسرائیل امریکا کی قیادت میں بننے والے سیکیورٹی میکنزم کے ساتھ ہم آہنگی میں فوجی انخلا کے اقدامات کرے گا۔

یہ پیش رفت اُس وقت سامنے آئی ہے جب نو ماہ قبل نومبر 2024 میں اسرائیل اور لبنان کے درمیان ایک سال طویل سرحدی لڑائی کے بعد جنگ بندی معاہدہ طے پایا۔

یاد رہے کہ اسرائیلی فوجیں اب بھی جنوبی لبنان کے پانچ اہم مقامات پر تعینات ہیں جہاں سے وہ حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتی رہتی ہیں۔

رواں ماہ کے آغاز میں لبنانی صدر اور وزیراعظم نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی امریکی منصوبے کی منظوری دیتے ہوئے فوج کو ایک سال کے اندر حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کا حکم دیا تھا۔

امریکی خصوصی ایلچی ٹام بیراک نے حالیہ دنوں بیروت اور یروشلم کے دورے میں کہا کہ اسرائیل کو جنگ بندی کے تحت اپنے وعدوں پر عمل کرنا چاہیے۔ لبنان نے پہلا قدم اٹھا لیا۔ اب وقت ہے کہ اسرائیل بھی مکمل انخلا کرے۔

امریکا نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان میں ’’غیر ضروری‘‘ فوجی کارروائیاں روک دے کیونکہ اس سے لبنانی حکومت کے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کے عمل کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

 

متعلقہ

Load Next Story