رہنما پی پی پی خورشید شاہ کی طبیعت ناساز، سکھر سے کراچی منتقل
فوٹو: فائل
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید احمد شاہ کو طبیعت ناساز ہونے پر سکھر سے کراچی منتقل کردیا گیا۔
ایکسپریس نیو زکے مطابق پارٹی ذرائع نے بتایا کہ خورشید شاہ کو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیز (این آئی سی وی ڈی) سکھر میں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ خورشید شاہ کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر حکومت سندھ کے خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی روانہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خورشید شاہ کی طبیعت گزشتہ روز اچانک ناساز ہوگئی تھی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر این آئی سی وی ڈی سکھر منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنے کے بعد بتایا کہ خورشید شاہ کو اسٹروک کا اٹیک ہوا ہے اور انہیں کراچی منتقل کرنے کی تجویز دی۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں اور کارکنان نے خورشید شاہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے اور پارٹی قیادت نے ان کی صحت سے متعلق معلومات مسلسل حاصل کرنے کے لیے اسپتال انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔