لاپتا افراد میں شامل شخص وزیر داخلہ سندھ کا گھر نذر آتش کرنے میں ملوث نکلا
چار لاپتا افراد میں شامل شخص صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار کا گھر نذر آتش کرنے میں ملوث نکلا۔ پولیس رپورٹ پر سندھ ہائیکورٹ نے درخواست نمٹادی۔
ہائیکورٹ میں 4 لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ لاپتا افراد میں شامل شخص صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار کے گھر کو نذر آتش کرنے میں ملوث نکلا۔ پولیس نے عبد الطیف کی گرفتاری سے متعلق عدالت کو آگاہ کردیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ عبد الطیف لاپتا نہیں بلکہ صوبائی وزیر کے گھر جلانے کے مقدمے میں مورو میں گرفتار ہے۔
عدالت نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے سے لاپتا شہری کی بازیابی سے متعلق درخواست نمٹا دی۔ پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ تھانہ ملیر کینٹ کے علاقے سے لاپتا شہری محمد عرفان گھر واپس آگیا ہے۔ عدالت نے پولیس رپورٹ پر کیس نمٹا دیا۔
درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نور محمد اور عبد القدیر سٹی کے علاقے سے 2012 سے لاپتا ہیں۔ گمشدہ افراد کی بازیابی سے متعلق پیش رفت نہیں ہورہی۔ عدالت نے دونوں لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق معاملہ مسنگ پرسن کمیشن کو بھیج دیا۔