پی ٹی آئی کے دو اراکین اسمبلی  قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی

پی ٹی آئی کے دو اراکین کے علاوہ کسی کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ

فوٹو: فائل

اسلام آباد:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو اراکین اسمبلی نے سیاسی کمیٹی کے فیصلے کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اراکین قومی اسمبلی فیصل امین خان اور علی اصغر خان کے استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئے ہیں۔

رکن قومی اسمبلی علی اصغر خان نے قائمہ کمیٹی کابینہ سیکریٹریٹ، نج کاری اور پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ کی رکنیت سے استعفیٰ دیا۔

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے بھائی فیصل امین خان قائمہ کمیٹی اقتصادی امور اور نیشنل فوڈ سیکیورٹی سے مستعفی ہوگئے ہیں۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ پی ٹی آئی کے دو اراکین کے علاوہ کسی کا استعفیٰ موصول نہیں ہوا ہے۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے پاس  39قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت ہے، پی ٹی آئی کے 8 اراکین قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین ہیں، چیئرمین پی اے سی سمیت کسی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کا استعفی موصول نہیں ہوا۔

ممبران نے استعفی دینا شروع کردیے، عامر ڈوگر

قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے اس حوالے سے بیان دیا ہے کہ بانی چئیرمین عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے عملدرآمد شروع کردیا ہے، پی ٹی آئی کے ممبران قائمہ کمیٹیوں نے استعفے بھجوایا شروع کردئیے، کئی ممبران نے اپنے استعفے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دئیے۔

عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ باقی ممبران کے قومی اسمبلی کمیٹیوں سے استعفے کل سیکرٹریٹ کو جمع کرائیں گے،عمران خان کے فیصلوں پر من وعن عمل کرائیں گے، یہ نشستیں عمران خان کی امانت ہیں ان کے فیصلے کے مطابق عمل ہوگا۔

Load Next Story