پاکستان کا 9 برس بعد آج یواے ای سے مقابلہ، گرین شرٹس عمدہ کارکردگی کیلیے بے چین

پاکستان اور یو اے ای کا واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 2016 کے ورلڈکپ میں میرپور بنگلہ دیش میں کھیلا گیا تھا

کراچی:

پاکستان اور یو اے ای کی ٹیمیں 9 سال بعد ہفتے کو ٹی20 میچ میں مدمقابل ہوں گی، ٹرائنگولر سیریز کا میچ شارجہ میں کھیلا جائے گا، گرین شرٹس عمدہ کارکردگی کیلیے بے چین ہیں، میزبان کپتان نے بھی بلند عزائم ظاہر کر دیے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور یو اے ای کا واحد ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل 2016 کے ورلڈکپ میں میرپور بنگلہ دیش میں کھیلا گیا تھا،شاہد آفریدی کی زیرقیادت گرین شرٹس نے 7 وکٹ سے فتح حاصل کر لی تھی،17 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک نے ناقابل شکست 114 رنز کی شراکت بنائی۔

 اب دونوں ٹیموں کا ٹرائنگولر سیریز میں ہفتے کو شارجہ میں سامنا ہوگا، پاکستانی ٹیم فتح کیلیے پُرعزم ہے، دوسری جانب میزبان ٹیم نے بھی بہتر کارکردگی پیش کرنے کا عزم کر لیا، کپتان محمد وسیم نے کہا کہ ایشیا کی 2 بڑی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ہماری ترقی کے سفر میں ایک اور سنگِ میل اور قابل فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کو ہرا چکے ہیں، بطور ایسوسی ایٹ ٹیم بہترین ٹیموں کے خلاف کھیلنا ہمارے لیے اہم بات ہے،اپنی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے مجھے لگتا ہے کہ اس سیریز میں بھی ہمارا کھیل بہتر رہے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اماراتی اسکواڈ تجربے اور نوجوان پلیئرز کا بہترین امتزاج ہے، بعض ینگسٹرز بہت اچھا کھیل پیش کررہے ہیں، میں ان کی کارکردگی اور تیاری سے بہت خوش ہوں، مجھے پورا اعتماد ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے اور ڈٹ کر حریفوں سے مقابلہ کریں گے۔

محمد وسیم نے کہا کہ شارجہ ایک طرح سے تینوں ہی ٹیموں کا ہوم گراؤنڈ ہے، البتہ جس طرح ہم ڈیڑھ مہینے سے تیاریاں کر رہے ہیں اور گزشتہ چند برسوں میں کارکردگی دکھائی اس کے مدنظر مجھے لگتا ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں گے ۔

Load Next Story