پاکستان نے 20 ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل ٹیم چیمپئن شپ جیت لی
پاکستان نے ملائیشیا میں ہونے والی 20 ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل ٹیم چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔پاکستان نے چھٹی مرتبہ ٹیم چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کوالالمپور میں منعقد ہونے والی20 ویں عالمی یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف کیٹیگریز میں شاندار کارکردگی دکھائی۔احزم صدیقی نے انڈر16 ورلڈ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔ محمد یوسف نے انڈر10 ایج گروپ میں سلور میڈل جیتا۔ بلال آشعر نے انڈر16 میں دوسری پوزیشن حاصل کی،چیمپئن شپ میں20 ممالک کے226 کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
اختتامی تقریب میں ورلڈ یوتھ کمیٹی کے چیئرمین طارق پرویز نے اعلان کیا کہ آئندہ سال ہونے والی چیمپئن شپ کی میزبانی کینیا کرے گا۔
دریں اثنا پاکستانی ٹیم 5 سے 7 ستمبرتک کوالالمپور ہی میں ہونے والے گیٹ وے ماسٹر کپ میں بھی حصہ لے گی۔