معیشت کیسے اچھی ہوگئی؟ شہباز حکومت نے ایک ماہ میں 1830 ارب کا قرض لیا، کے پی حکومت

شہباز جب حکومت میں آئے تو ملکی قرض 43500 ارب روپے تھا جو اب 78,000 ارب کے قریب آچکا ہے، مزمل اسلم

پشاور:

مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت کیسے اچھی ہو رہی ہے؟ صرف ایک ماہ میں شہباز حکومت نے 1830 ارب روپے قرض لیا مجموعی طور پر پاکستان کا قرض 78,000 ارب کے قریب آچکا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ سوا تین سال میں شہباز شریف اب تک 34,500 ارب قرض لے چکے ہیں جب شہباز شریف حکومت میں آئے تھے تو 43500 ارب روپے ملک کا قرض تھا۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ شہباز شریف ملکی قرض کم کرنے آئے تھے مگر آج قرض لینے کی تاریخ رقم کر دی، شہباز حکومت کے دوران ملک کی مجموعی قرض میں 79 فیصد کا اضافہ ہوا۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جو قرض ملک چلانے کے لیے 75 سال میں لیا اس کا 80 فیصد 3.5 برس میں لے لیا گیا ان 3.5 برس میں ملک میں ترقیاتی کاموں کی ایک اینٹ بھی نہیں لگی۔

مزمل اسلم نے کہا کہ حالت یہ ہے کہ اسٹیٹ بینک مارکیٹ سے ڈالر خرید رہا ہے اور سرمایہ کاری تو چھوڑیں کوئی قرض بھی نہیں دے رہا قوم کو روزانہ ایک ایم او یو (MoU) کے نام پر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا جاتا ہے۔

Load Next Story