ڈاکٹر ذاکر نائیک کا خطرناک بیماری میں مبتلا ہونے کی خبروں پر ردعمل سامنے آگیا

ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں ملائیشیا میں مقیم ہیں

ذاکر نائیک نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والی افواہوں کو مسترد کیا — فوٹو: سوشل میڈیا

عالمی شہرت یافتہ اسلامی اسکالر ذاکر نائیک کی صحت کے حوالے سے تشویشناک خبریں زیر گردش ہیں جس پر ان کا پہلا ردعمل سامنے آگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا اور بعض ویب سائٹس پر یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے ذاکر نائیک ایڈز کے مرض میں مبتلا ہوگئے اور ملائیشیا کے اسپتال میں زیرِعلاج ہیں۔

ان افواہوں میں یہ بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ذاکر نائیک کی اہلیہ فرحت نائیک اور ان کی بیٹی کا بھی ایچ آئی وی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے ایسی رپورٹس بھی وائرل کی گئی ہیں جنھیں ذاکر نائیک اور ان کے خاندان سے منسوب کیا جا رہا ہے۔

تاہم، اب تک اس حوالے سے کوئی مستند اور معتبر خبر رساں ادارہ یا سرکاری بیان سامنے نہیں آیا۔ جس پر یہ افواہیں مزید طول پکڑ گئیں۔

تاہم اب خود ذاکر نائیک نے اپنے وکیل اکبر الدین عبدالقادر کے ذریعے ان خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے بتایا کہ ذاکر نائیک مکمل طور پر صحت مند اور اپنے گھر پر ہیں۔

ذاکر نائیک کے وکیل نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ان کی بیماری سے متعلق خبروں کو بے بنیاد اور جھوٹ کا پلندہ قرار دیا۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی قسم کے منفی پروپیگنڈے میں نہ آئیں اور نہ کسی افواہ پر کان دھریں۔ ڈاکٹر صاحب اپنے فرائض منصبی کی انجام دہی میں متحرک اور مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ ذاکر نائیک کو بھارت میں منی لانڈرنگ، نفرت آمیز تقاریر اور دہشت گردی میں مالی معاونت کے جھوٹے مقدمات میں پھنسایا گیا تھا۔

مودی سرکار نے اس پر بس نہ کی بلکہ ذاکر نائیک اور ان کے ادارے پر پابندیاں بھی لگائی گئیں۔ جس پر ذاکر نائیک 2016 میں بھارت سے ملائیشیا منتقل ہوگئے تھے۔

 

 

متعلقہ

Recommended Stories

Load Next Story