جولی ایل ایل بی 3 کا شاندار ٹریلر ریلیز؛ مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی
کانپور میں جولی ایل ایل بی 3 کے ٹریلر لانچ کے موقع پر اکشے کمار، ارشد وارسی اور ساؤربھ شکلا کا منفرد انداز
بالی ووڈ کی سنجیدہ موضوع پر کامیاب ترین مزاحیہ فلم "جولی ایل ایل بی" کے تیسرے سیکوئل کے ٹریلر نے مداحوں اور فلم بینوں کی بے تابی میں اضافہ کردیا۔
فلم کا آفیشل ٹریلر کانپور اور میرٹھ میں ایک منعقد کردہ ایک شاندار تقریب میں ریلیز کیا گیا جس نے وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی۔
اس فلم کے تیسرے سیکوئل کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں اکشے کمار اور ارشد وارثی ایک ساتھ کورٹ روم میں مد مقابل دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹریلر کی ابتدا ایک معمولی مقدمے سے ہوتی ہے، مگر آہستہ آہستہ معاملہ سنگین اور دلچسپ رخ اختیار کر لیتا ہے۔
اکشے کمار ایک ہائی پروفائل وکیل کے روپ میں آتے ہیں، جن کا انداز پُراعتماد اور بولڈ ہے۔
دوسری جانب ارشد وارثی ہیں جو ہمیشہ کی طرح اپنے مزاحیہ اور دلکش اسلوب میں ایک غیر معروف اور چھوٹے وکیل کا کردار نبھاتے ہیں۔
دونوں کے درمیان مکالموں کی جاندار جھڑپیں ناظرین کو قہقہے لگانے پر مجبور کر دیتی ہیں۔
فلم کی کہانی کا محور فارم ہاؤس رائٹس یعنی زرعی زمین کے تنازعات اور عام آدمی کے مسائل پر گھومتا ہے جسے سماجی طنز اور عدالتی ڈرامے کو ہنسی مذاق کے تڑکے کے ساتھ پیش کیا گیا ہے تاکہ ناظرین کو ہنسانے کے ساتھ ساتھ سوچنے پر بھی مجبور کیا جا سکے۔
لانچنگ ایونٹ میں اکشے کمار کنپوریا اسٹائل میں گمچھا گلے میں ڈالے نظر آئے جب کہ ارشد وارثی مکمل وکیل کے روپ میں پہنچے۔
اسٹار جج کے طور پر شہرت رکھنے والے سوربھ شکلا بھی اپنی مخصوص انداز میں اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے۔
اکشے کمار نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ جولی مشرا کے کردار میں واپس آنا میرے لیے ایک خاص سفر ہے۔ اصل مزہ تب آئے گا جب یہ جولی، ارشد کے جولی تیاگی سے عدالت میں ٹکرائے گا۔
ارشد وارثی نے اپنے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جولی تیاگی میرا پہلا بڑا کردار تھا۔ اس بار جب یہ کردار واپس آیا ہے تو ایسا لگ رہا ہے جیسے پرانے دوست سے دوبارہ ملاقات ہو رہی ہو، لیکن اس بار اس دوست کا مقابلہ اکشے کے جولی مشرا سے ہے۔
جولی ایل ایل بی کے دونوں سیکوئل میں جج کا کردار یادگار بنانے والے سوربھ شکلا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جج تریپاٹھی میرا سب سے زیادہ پسند کیا جانے والا کردار ہے، لیکن اب عدالت میں دو جولی ہوں گے، اس لیے ہنگامہ اور ہنسی دونوں دگنی ہو جائیں گے۔
سبھاش کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی جولی ایل ایل بی میں ہما قریشی، امریتا راؤ، سیما بسواس اور انو کپور بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔ فلم 19 ستمبر 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔