راولپنڈی، بچوں سے زیادتی کے دو ملزمان کو عمر قید کی سزا، جرمانہ بھی عائد
فوٹو: فائل
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے دو بچوں سے جبری زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشاں اعجاز صوفی نے 2 بچوں سے جبری زیادتی کیسز کا فیصلہ سنایا۔
جج نے زیادتی کا جرم ثابت ہونے پر دو مجرمان کو دونوں مقدمات میں عمر قید کی سزا سنائیں اور مجرم واجب حسین کو معذور بچے سے زیادتی پر عمر قید کے ساتھ ساتھ 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
عدالت نے کہا کہ مجرم کو 5 لاکھ روپے ہرجانہ بھی دینا ہوگا اور مذکورہ رقم محکمہ مال ریکور کرے گا۔
عدالت نے دوسرے مجرم راشد عزیز کو بھی عمر قید کے ساتھ ساتھ 5 لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔
ملزمان کے خلاف مقدمات تھانہ صادق آباد اور تھانہ کوٹلی ستیاں پولیس نے درج کیےتھے۔
عدالت نے فیصلے میں بتایا کہ بچوں سے زیادتی انتہائی حساس، سنگین اور ناقابل رعایت فعل ہے۔