کراچی، ڈیفنس موڑ سے بروکس چورنگی تک ٹریفک بحال کر دیا گیا، ٹریفک پولیس
شہر قائد میں بارش اور سیلابی صورتحال کے بعد ٹریفک کی روانی متاثر رہی تاہم بعض اہم شاہراہوں پر صورتحال معمول پر آ گئی ہے۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈیفنس موڑ سے بروکس چورنگی تک ٹریفک کی روانی بحال ہو چکی ہے اور اس راستے پر گاڑیوں کی آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
دوسری جانب بارش اور سیلابی پانی کے باعث کورنگی روڈ اور کازوے روڈ کو تاحال ٹریفک کے لیے بند رکھا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی نکاسی کے بعد ہی ان راستوں کو کھولا جائے گا تاکہ شہریوں کو محفوظ سفر فراہم کیا جا سکے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق صبح آٹھ بجے سے شہر کے کئی علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوئی تھی جو رات دو بجے کے بعد ٹریفک کے کم ہونے پر قابو میں آئی۔
شہریوں کو دن بھر شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر دفاتر اور تعلیمی اداروں کے اوقات میں۔
قیوم آباد چورنگی کے اوپر واقع کے پی ٹی فلائی اوور پر بھی ٹریفک کی روانی سست ہے۔
پولیس کے مطابق ہیوی ٹریفک کے غیر معمولی رش کے باعث یہ فلائی اوور دباؤ کا شکار ہے، جس کے باعث وہاں سے گزرنے والے مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔