کراچی میں ایک شخص نے فائرنگ سے دوست کی جان لے لی
(فوٹو: فائل)
شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سیکٹر 20 بی میں واقع کوارٹر میں دوست کی فائرنگ سے دوست ہلاک ہوگیا۔
مقتول کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لیجائی گئی اس حوالے سے ایس ایچ او شاہ لطیف ضمیر خاور نے بتایا کہ مقتول کی شناخت 42 سالہ وسیم کے نام سے کی گئی جبکہ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ میں مقتول کا دوست عامر ملوث ہے جو کہ اس کے ہمراہ مذکورہ کوارٹر میں رہائش پذیر تھا جبکہ فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے شواہد حاصل کیے گئے ہیں۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے۔ مقتول کو بائیں بازو کے قریب گولی لگی تھی جو جان لیوا ثابت ہوئی جبکہ مقتول کا آبائی تعلق نوشہرہ سے تھا۔
مقتول کی لاش جس کوارٹر سے ملی ہے اس میں دیوار پر ایک سیاسی جماعت کا بینر لگا ہوا تھا جس پر رہنماؤں کی تصاویر لگی ہوئی تھیں جبکہ مقتول کی سیاسی جماعت کے رہنما کے ہمراہ تصاویر بھی ملی ہیں تاہم فوری طور پر فائرنگ کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا جبکہ ملزم عامر موقع سے فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے پولیس کوششیں کر رہی ہے۔