طالب جوہری کے داماد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر سمیت 109 ملزم گرفتار

مبارک علی کوکالعدم تنظیم کےکارندے نے قتل کیا، ملزم نے بحریہ کے ریٹائرڈ ملازم کا سرکاٹ کر درخت پر لٹکایا تھا،ڈی آئی جی

گھروں میں چوری کرنے والی 2عورتیں پکڑی گئیں، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ ، دستی بم، موٹر سائیکل اور شراب کی بوتلیں برآمد۔ فوٹو: فائل

پولیس اورحساس ادارے نے مختلف علاقوں میں علامہ طالب جوہری کے داماد کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر، کالعدم تنظیم کے3کارکنوں اورچور خواتین سمیت 109 ملزمان کو گرفتارکرلیا، ویسٹ زون پولیس نے2 مختلف کارروائی میں2 ٹارگٹ کلرز سمیت 14ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا۔

یہ بات ڈی آئی جی ویسٹ زون کیپٹن ( ر ) طاہر نوید نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کے دوران بتائی،انھوں نے بتایا کہ ویسٹ زون پولیس کے ہاتھوں چند روز قبل گرفتار کیے جانے والے ملزم محمد عامر نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے اور اس کا گروہ6 افراد پر مشتمل ہے، گرفتار ملزم رکشا ڈرائیور ہے ،اس کے گروہ نے40سے زائد افراد کو ٹارگٹ کر کے قتل کیا ہے ،ملزم نے حالیہ دنوں میں علامہ طالب جوہری کے داماد کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا۔


ڈی آئی جی ویسٹ زون نے چند روز قبل تیموریہ پولیس کے ہاتھوں پکڑے جانے والے ملزم فرخ کی گرفتاری ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم فرخ اجرتی قاتل ہے جس نے گزشتہ سال کے بی آر سوسائٹی میں پاک بحریہ کے ریٹائرڈ ملازم کو قتل کرنے کے بعد اس کا سر تن سے جدا کر کے سہراب گوٹھ پل سے متصل ایک درخت پر لٹکا دیا تھا ، ضلع ملیر پولیس نے ارشاد محسود سمیت3ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

کھو کھرا پار پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھروں میں چوری کرنے والی2خواتین بشریٰ اور ارم کو گرفتار کر کے ایک گھر سے لوٹی گئی رقم برآمد کرلی ، ایس ایچ او عبدالوحید صدیقی نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ کو کچھ روز قبل کوثر ٹاؤن کے رہائشی فرحان نے ملازمت پر رکھا تھا ، ملزمہ نے موقع دیکھ کر الماری سے کیش رقم لے کر فرار ہوگئی تھی، کراچی پولیس نے گزشتہ24گھنٹوں کے دوران87ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
Load Next Story