کراچی، ڈمپر حادثے میں خاتون زخمی، ٹرک میں اچانک آگ بھڑک اٹھی
فوٹو ایکسپریس
کراچی کے علاقے گلشن اقبال نیپا پل پر ٹریفک حادثے میں خاتون کے زخمی ہونے کے بعد ڈمپر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جب کہ ڈمپر نذر آتش کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق حادثے کے بعد ڈمپر میں آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پہنچیں اور آگ کو بجھایا۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈمپر کا محاصرہ کیا اور دیگر ڈمپرز کو اس مقام پر جانے سے روک دیا جبکہ ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کرکے فائر برگیڈ حکام نے فوری ڈمپر پر لگنے والی آگ پر قابو پالیا۔
ترجمان ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کے مطابق واقعہ عزیز بھٹی تھانے کی حدود میں پیش آیا۔ آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ لگنے سے قبل ڈمپر نے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر ماری تھی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار خاتون زخمی ہوگئیں۔
ترجمان چھیپا کے مطابق شدید زخمی ہونے والی خاتون کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جن کی شناخت تیس سالہ منیزہ کے نام سے ہوئی۔
ریسکیو ترجمان کے مطابق زخمی خاتون اپنی سکوٹی پر سوار تھیں جب عقب سے آنے والے ڈمپر کی ٹکر لگنے کے باعث حادثے کا شکار ہوئیں۔
بعد ازاں عزیزبھٹی تھانے کے علاقے نیپا چورنگی فلائی اوور پر ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار خاتون کے زخمی ہونے کے بعد مشتعل شہریوں کی جانب سے ڈمپرکو نذرآتش کرنے کے واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں بجرم دفعات 147،148،149،435 اور 34/427 کے تحت 20سے 25 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا۔