کراچی: لیاری میں ہوٹل کے مالک نے غلط فہمی پر ایک شخص کو سر میں گولی مار کر قتل کردیا
(فوٹو: فائل)
لیاری پرانا حاجی کیمپ پر بھٹو ہوٹل کے مالک کی فائرنگ سے ایک شخص سر میں گولی لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ کے علاقے لیاری پرانا حاجی کیمپ گلی نمبر ایک الحفیظ میزان ریسٹورنٹ المعروف بھٹو ہوٹل پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، زخمی ہونے والے شخص کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 24 سالہ مصطفیٰ کچھی ولد سکندر کچھی کے نام سے کی گئی جس کے سرپر گولی ماری گئی تھی، زخمی ہونے والا شخص بدھ کی صبح سول اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول کے پاس سے اس کے اپنے نام کا کے الیکٹرک کا کارڈ ملا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہوٹل کا مالک کیش کاؤنٹر پر بیٹھا ہوا تھا کہ اسی دوران دو افراد اچانک ہوٹل میں داخل ہوئے جن میں سے ایک کے ہاتھ میں اسلحہ بھی تھا جس پر ہوٹل کا مالک سمجھا کہ ڈاکو یا ٹارگٹ کلرز آئے ہیں جس پر اس نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کردی جس کے نیتجے میں ایک گولی مصطفیٰ کچھی کے سر پر لگی۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ہوٹل کے مالک ثناء اللہ ولد عزیزاللہ کو حراست میں لیکر اس کا پستول قبضے میں لے لیا۔
زیر حراست ملزم ثناء اللہ کو قانونی کارروائی کے لیے تھانہ کلا کوٹ پولیس کے حوالے کردیا گیا، پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ غلط فہمی کی باعث پیش آیا تاہم تحقیقات اور اعلیٰ افسران کی مشاورت سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
دریں اثنا واقعے کے 2 مقدمات گرفتار ہوٹل مالک ثنا اللہ ولد عزیزاللہ کے خلاف درج کرلئے گئے، پہلا مقدمہ نوجوان پر فائرنگ کرنے اور دوسرا غیر قانونی اسلحہ رکھنے پر درج کیا گیا، قاتلانہ حملے کا مقدمہ مقتول مصطفیٰ کے والد اور اسلحے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقتول نوجوان پولیس کے ساتھ کام کرتا تھا اورہوٹل میں فائرنگ کا واقعہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو تلاش کرنے کے دوران غلط فہمی پر پیش آیا۔
بریگیڈ میں پر اسرار فائرنگ سے لڑکی زخمی
بریگیڈ کے علاقے لائنز ایریا نظامی روڈ اللہ والی مسجد کے قریب گھر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب پراسرار فائرنگ سے ایک لڑکی زخمی ہوگئی، زخمی ہونے والی لڑکی کو طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ہونے والی لڑکی کی شناخت 15 سالہ ثنا دختر محمد منشا کے نام سے کی گئی، فائرنگ کا واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے پیش آیا، علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔