انارکی برداشت نہیں قانون کی عملداری یقینی بنائینگے وزیراعظم

جمہوریت کیخلاف سازشیں ہر صورت ناکام بنانی ہیں، کوئی سمجھتا ہے کہ منتخب حکومت کو احتجاج سے ختم کردیگا تو ایسا نہیں ہوگا

مینڈیٹ کا احترام ہی جمہوریت کا حسن ہے، احتجاجی پروگرام دینے والی جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرنی چاہیے۔ فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ شہباز شریف نے گزشتہ روز جاتی امرہ رائیونڈ میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی جس میں ملک کی موجودہ صورتحال، ڈاکٹر طاہر القادر ی کی سرگرمیوں اور تحریک انصاف کے آزادی مارچ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران ملک میں بدامنی اور انارکی کی فضا قابل برداشت نہیں، قانون کی عملداری ہر حالت میں یقینی بنائی جائے گی۔ نواز شریف نے کہا کہ ملک کسی سیاسی انتشار کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ دہشتگردوں کے خلاف ضرب عضب آپریشن کی کامیابی کیلئے پوری قوم فوج کے ساتھ ہے۔ انتشار پھیلانے والے ملک کے خیرخواہ نہیں۔ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔


حکومت ملک کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام ہی جمہوریت کا حسن ہے اور احتجاجی پروگرام دینے والی جماعتوں کو اپنے طرز عمل پر نظرثانی کرنی چاہیئے۔ ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے وزیراعظم کو عوامی تحریک کے کارکنوں کے تشدد اور فائرنگ سے پولیس اہلکاروں کی ہلاکت، گاڑیاں اور املاک جلانے کے حوالے سے بھی تفصیلی آگاہ کیا۔

آئی این پی کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہر صورت میں جمہوریت کا تحفظ اور اس کیخلاف سازشیں کرنیوالوں کو ناکام بنانا ہے۔ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں آنیوالی منتخب جمہوری حکومت کو احتجاج اور دھرنوں سے ختم کردیگا تو ایسا کسی صورت میں نہیں ہوگا۔ قومی سلامتی کانفرنس سے ملک مضبوط و مستحکم ہوگا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبے میں امن وامان اور عوام کے جان ومال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے اور جس جماعت کے لوگ بھی قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش کرتے ہیں ان کے خلاف قانون وآئین کے مطابق کارروائی کی جائے۔
Load Next Story