اسلام آباد؛ شراب کے نشے میں دھت نوجوان کی ہلڑ بازی و پولیس اہلکاروں پر تشدد، ملزم گرفتار

تھانہ آئی نائن پولیس نے عاقب نعیم کو گاڑی سمیت گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا

فوٹو: فائل

اسلام آباد کے علاقے آئی 8 میں بگڑے نواب زادے نے شراب کے نشے میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا جس پر نوجوان کو گرفتار کر لیا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق بگڑے نواب زادے نے شراب کے نشے میں دھت ہو کر ہلڑ بازی کی، ملزم نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کو گالیاں اور دھمکیاں دیں جبکہ ایک اہلکار کو تھپڑ بھی رسید کیا

ٹریفک پولیس اہلکاروں پر تشدد اور ہلڑ بازی کرنے والے نوجوان کو رات گئے پولیس نے گرفتار کرلیا۔

تھانہ آئی نائن پولیس نے عاقب نعیم کو گاڑی سمیت گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا۔ ملزم عاقب نعیم نے اسے سے قبل پی ڈبلیو ڈی ہاؤسنگ سوسائٹی میں ایک صحافی کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

ملزم کے خلاف تھانہ لوہی بھیر میں مقدمہ اندراج کے لیے صحافی نے درخواست دے رکھی ہے۔

مقدمہ درج

تھانہ آئی نائن پولیس نے واقع کا مقدمہ ایس آئی محمد اشفاق کی مدعیت میں دہشت گردی سمیت سنگین نوعیت کی دفعات کے تحت درج کر لیا۔

مقدمے کے متن کے مطابق واقعہ رات آٹھ بجے کے قریب کے ایف سی آئی نائن کے پاس پیش آیا، ملزم گاڑی چلاتے ہوئے بے احتیاطی کر رہا تھا جس پر ملزم کو روکا تو نکل گیا پھر واپس آیا اور ہٹ کرنے کی کوشش کی۔

ملزم نے ہاتھا پائی کے دوران وائرلس سیٹ چھینا، ملزم فرار ہوا جس کا تعاقب کیا تو پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔

مقدمے کے متن کے مطابق پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے قبضے سے اسلحہ اور گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔

Load Next Story