انٹربینک مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں کمی ریکارڈ

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281روپے 70پیسے کی سطح پر مستحکم رہی

فوٹو: فائل

کراچی:

انٹربینک مارکیٹ میں روپےکے مقابلے میں ڈالر کی قیمت میں کمی ریکارڈ کی گئی تاہم اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایک غیرملکی بینک کی جانب سے ایکسپورٹرز کی سہولت کے لیے فنانسنگ پروگرام دوگنا کرکے 20کروڑ ڈالر سے بڑھانے اور رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بڑے پیمانے کی نمو 4.1فیصد کی نمو جیسے عوامل کے باعث انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو 39ویں دن بھی ڈالر کی نسبت روپیہ تگڑا رہا۔

یورپین یونین کے لیے پاکستانی برآمدات بڑھنے، مرکزی بینک کی ماہوار نقد ڈالر کی خریداری حد گھٹا کر 500 ڈالر تک محدود کیے جانے اور ریکوڈک منصوبے میں سرمایہ کاری اور روزگار پلان کی اطلاعات سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے بیشتر دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔

کاروبار کے دوران ایک موقع پر ڈالر کی قدر 20پیسے کی کمی سے 280روپے 47پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں بہتری آتے ہی مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ آنے سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر ایک پیسے کے اضافے سے 280روپے 68پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر معمول کے مطابق ایک پیسے کی کمی سے 280روپے 66پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر بغیر کسی تبدیلی کے 281روپے 70پیسے کی سطح پر مستحکم رہی۔

Load Next Story