کراچی؛ حافظ قرآن نوجوان کے قتل کیس میں اہم پیشرفت
بوٹ بیسن پولیس نے شیریں جناح کالونی میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے حافظ قرآن نوجوان کو قتل کرنے کے الزام میں 2 سگے بھائیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے شیریں جناح کالونی میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے حافظ قرآن حماد نامی نوجوان کو قتل کرنے کے الزام میں 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان میں عبدالرحمٰن، عبدالشکور، سجاد اور شاہد شامل ہیں جبکہ دو ملزمان عبدالرحمٰن اور عبدالشکور آپس میں سگے بھائی ہیں۔
ایس ایچ او بوٹ بیسن سید راشد علی کے مطابق 18 نومبر کو شریں جناح کالونی میں بچوں کی لڑائی بڑوں میں تبدیل ہوگئی تھی اور جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے حافظ قرآن حماد نامی نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شدید زخمی نوجوان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔
پولیس نے نوجوان کے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی تھی اور دوران تفتیش پولیس نے حافظ قرآن نوجوان کے قتل میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے آلہ قتل برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق گوہر نامی ایک ملزم فرار ہے جس کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے، جلد قتل میں ملوث پانچویں ملزم کو بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔