آنجہانی پوپ فرانسس کی گاڑی غزہ میں بچوں کے موبائل کلینک میں تبدیل

پوپ فرانسس نے یہ گاڑی 2014 کو اسرائیل کے دورے میں استعمال کی تھی جسے فلسطینی صدر نے تحفے میں دیا تھا

پوپ فرانسس سے وصیت کی تھی کہ ان کی گاڑی کو غزہ کے بچوں کیلیے اموبائل کلینک میں تبدیل کردیا جائے

آنجہانی پوپ فرانسس نے فلسطین کا دورہ کیا تھا جس کے دوران صدر محمود عباس نے انھیں ایک گاڑی تحفے میں دی تھی۔ یہ گاڑی اب فلسطینی بچوں کی مسیحا بن چکی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پوپ فرانسس کے زیر استعمال اس گاڑی کو ’’ امید کی گاڑی‘‘ کا نام دیا گیا اور بیت لحم میں رونمائی کی گئی۔

’’وہیکل آف ہوپ‘‘ کا افتتاح ایک منصوبے کے تحت بین الاقوامی کیتھولک فلاحی تنظیم کیرٹاس (Caritas) نے کیا جسے ایک انسان دوست اور منفرد منصوبہ کہا جا رہا ہے۔

پوپ فرانسس کے زیر استعمال گاڑی کو ماہر کاریگروں نے ایک موبائل کلینک میں تبدیل کردیا ہے جو جدید طبی آلات سے لیس ہے۔

گاڑی کو اس طرح ڈیزائن اور ایسے آلات سے لیس کیا گیا ہے کہ یہ غزہ کے جنگ میں زخمی ہونے والے بچوں کے لیے موبائل پیڈیاٹرک کلینک کی طرح کام آئے۔

اس موقع پر موجودہ پوپ لیو چہاردہم نے سابق پوپ فرانسس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ گاڑی شفا، محبت اور ہمدردی کا پیغام لے کر چلے گی۔

پوپ لیو چہاردہم نے اپنے خصوصی خط میں لکھا کہ میری خواہش ہے کہ یہ گاڑی دنیا کے تنازعات سے متاثرہ بچوں، خاص طور پر غزہ میں، شفا اور ہمدردی کا پیغام پہنچاتی رہے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اس طبی منصوبے کا مشن نیا اور اچھوتا ہے جس میں پوپ فرانسیس کی میراث میں شامل محبت اور یکجہتی کی جھلک ہے۔

یاد رہے کہ یہ منصوبہ آنجہانی پوپ فرانسس کی زندگی ہی میں منظور ہو گیا تھا اور اُن کی وفات کے بعد باقاعدہ طور پر تکمیل کے مراحل میں داخل ہوا۔

اسرائیل نے اس منصوبے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں گاڑی کی انٹری کے لیے ابھی تک کوئی باضابطہ درخواست موصول نہیں ہوئی۔

یادرہے کہ 2014 میں پوپ فرانسس فلسطین کے دورے میں استعمال ہوئی تھی اور فلسطینی صدر محمود عباس نے یہ گاڑی بطور تحفہ پیش کی تھی۔

بعدازاں پوپ نے اسے فرانسسکن آرڈر کے حوالے کیا جنھوں نے اسے کیرٹاس انٹرنیشنل کے یروشلم دفتر کے سپرد کیا۔

وہیں سے یہ خیال سامنے آیا کہ گاڑی کو انسانی خدمت کے ایک بڑے مقصد بالخصوص غزہ جنگ کے متاثرہ بچوں کی طبی امداد کے لیے استعمال کیا جائے۔

کیرٹاس کے مطابق اس موبائل کلینک میں ایک پیشہ ور طبی ٹیم ہمہ وقت موجود ہو گی جو غزہ کے جنگ سے متاثرہ علاقوں میں جا کر نہ صرف بچوں کا علاج کرے گی بلکہ ویکسین، انسولین اور ایمرجنسی ادویات بھی پہنچائے گی۔

متعلقہ

Load Next Story