ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر لیاقت محسود کے خلاف قانون کا گھیرا مزید تنگ
ملزم لیاقت محسود کے خلاف قانونی گھیرا تنگ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کے حکم پر ملزم لیاقت محسود کیخلاف ایس پی ساؤتھ نے مقدمات میں اے ٹی اے اور اقدام قتل کی دفعہ شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔
ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ نے لیاقت محسود کیخلاف 2 مقدمات میں انسداد دہشتگردی کی دفعہ شامل کرنے کا حکم دے دیا۔
ایس پی نے آئی او کو ہدایت کی تھی کہ ملزم کیخلاف اے ٹی اے کی دفعہ شامل کرکے زیر دفعہ 173کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
گزشتہ سماعت پر عدالت نے ملزم کی عبوری ضمانت مسترد کی تھی۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ ملزم کیخلاف فائرنگ اور دہشت پھیلانے کے شواہد موجود ہیں۔ عدالت نے اس مقدمہ میں دہشتگردی کی دفعات کا اندراج کرنے کا حکم دیا تھا۔
پولیس کے مطابق گارڈن کے علاقے ڈمپر کی ٹکرز شہری شاہزیب جاں بحق ہوگیا تھا۔ واقعہ کے بعد ملزم کے گارڈ نے مکینوں پر فائرنگ کی۔
دوسری جانب، انسداد دہشت گردی منتظم عدالت نے گارڈن میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت کے موقع پر ہنگامہ آرائی اور اسلحہ ایکٹ کے مقدمات میں ڈمپر ایسوسی ایشن کے صدر ملزم لیاقت محسود کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔
کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں منتظم عدالت کے روبرو گارڈن میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت کے موقع پر ہنگامہ آرائی اور اسلحہ ایکٹ کا مقدمات میں ملزم لیاقت محسود پیش ہوا۔
عدالت نے ملزم لیاقت محسود کی 2 مقدمات میں عبوری ضمانت منظور کرلی۔ عدالت نے ہنگامہ آرائی کے مقدمے میں ایک لاکھ اور اسلحے کے مقدمے میں 50 ہزار روپے کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی۔
عدالت نے سماعت 4 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ استغاثہ کے مطابق ملزم کیخلاف تھانہ گارڈن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔