ایف آئی اے کی کارروائیاں، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار
فوٹو: ایف آئی اے
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کراچی زون نے غیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث افراد کے خلاف کارروائیاں کے دوران 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے کی ہدایت پرغیرقانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے 3 ملزمان گرفتار کو گرفتار کرلیا، جن کی شناخت مدثر، سجاد علی اور محمد خالد کے نام سے ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کو سمن آباد کراچی سے گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ہیں اور ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 18000 سعودی ریال، 10000 امریکی ڈالر اور 5000 برطانوی پاؤنڈ برآمد ہوئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ ملزمان کے قبضے سے 63 لاکھ 45 ہزار روپے بھی برآمد کر لیے گئے، ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق شواہد بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے اور ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے تاہم ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیےچھاپے مارے جا رہے ہیں۔