ایشیز: دوسرے روز کھیل کا اختتام، آسٹریلیا کو 44 رنز کی برتری حاصل
دوسرے ایشیز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک 44 رنز کی برتری حاصل کرلی۔
گابا میں جاری میچ میں آسٹریلیا نے کھیل کے دوسرے روز اختتام تک 6 وکٹوں کے نقصان پر 378 رنز بنالیے ہیں۔ ایلکس کیری 46 اور مائیکل نیسر 15 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔
جیک ویدرالڈ 72، مارنس لبوشین 65، کپتان اسٹیو اسمتھ 61، کیمرون گرین 45، ٹریوس ہیڈ 33 اور جوش انگلس 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
انگلینڈ کی جانب سے برائیڈن کارس نے 3، بین اسٹوکس نے 2 اور جوفرا آرچر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو انگلش ٹیم اپنے گزشتہ روز کے ٹوٹل میں صرف 9 رنز کا ہی اضافہ کرسکی تھی اور 334 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
جوفرا آرچر 38 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مارنس لبوشین نے ہوا میں اڑتے ہوئے ان کا کیچ پکڑا۔ جو روٹ 138 رنز بناکر ناقابل شکست رہے تھے۔
آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 6 جبکہ مائیکل نیسر، برینڈن ڈوگٹ اور اسکاٹ بولینڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یہ جنوری 2018 کے بعد پہلا موقع ہے جب انگلینڈ نے آسٹریلیا میں کسی ٹیسٹ اننگز میں 300 رنز بنائے ہیں۔
یاد رہے کہ پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ایک مرتبہ پھر پہلے ہی اوور میں نقصان اٹھانا پڑا جب 5 کے مجموعی اسکور پر بین ڈکٹ گولڈن ڈک پر چلتے بنے تھے۔
تیسرے ہی اوور میں اولی پوپ بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے تھے۔
بعد ازاں زیک کرولی نے جو روٹ کے ساتھ 117 رنز کی شراکت قائم کی تھی۔ کرولی 76 رنز بناکر مائیکل نیسر کا شکار بنے تھے۔
176 کے مجموعی اسکور پر ہیری بروک 31 رنز بناکر مچل اسٹارک کا شکار بن گئے تھے۔ یہ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں 415ویں وکٹ تھی جس سے وہ وسیم اکرم کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے لیفٹ آرم فاسٹ بولر بن گئے ہیں۔
کپتان بین اسٹوکس 19، جیمی اسمتھ صفر، ول جیکس 19، گس ایٹکنسن 4 اور برائیڈن کارس بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔
جو روٹ ایک اینڈ سے وکٹ سنبھالے رہے اور آخری وکٹ پر جوفرا آرچر کے ساتھ دن کے اختتام تک 61 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی تھی۔
یہ جو روٹ کی مجموعی طور پر 40ویں جبکہ آسٹریلوی سرزمین پر ان کے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری ہے۔ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں 40 سنچریز بنانے والے چوتھے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
انگلینڈ نے دن کے اختتام تک 9 وکٹ پر 325 رنز بنائے تھے۔