نجی سرکاری ترقیاتی منصوبوں کو سرمائے کی فراہمی کیلیے کمپنی قائم

پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ کے پاس 157 ارب کا انتظام کیا جا چکا، اہم انفرا اسٹرکچر پراجیکٹس کی فنانسنگ کی جائے گی

مقصد اقتصادی سرگرمیوں اور روزگار کے فروغ کیلیے ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز اور بجٹ اہداف حاصل کرنا ہے، دستاویز فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے ملک میں اہم انفرااسٹرکچر سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کے لیے پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ لمیٹڈ (پی ڈی ایف ایل) کے ذریعے فنانسنگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


''ایکسپریس'' کو دستیاب دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت نے سرمائے کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ لمیٹڈ کے نام سے کمپنی قائم کی ہے جس کے پاس 157 ارب روپے کے وسائل کا انتظام بھی کیا جاچکا ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا کہ اس کمپنی کے ذریعے ملک میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت شروع ہونے منصوبوں اور اہم انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کی فنانسنگ کی جائے گی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دیا جائے گا جس کا بنیادی مقصد ملک میں انفرا اسٹرکچر کو مضبوط بنانا اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنا ہے تاکہ رواں مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ترقیاتی پروگراموں کے حوالے سے متعین کردہ اہداف کو حاصل کیا جاسکے اور ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ سے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوسکیں۔ دستاویز کے مطابق ملک میں اسلامک بینکنگ و اسلامک فنانسنگ کے شعبے میں مزید ریسرچ کے لیے اسلامک اکنامک میں خصوصی سینٹر آف ایکسیلنس بھی قائم کیا جا رہا ہے۔
Load Next Story