کراچی، نوری آباد کے قریب ایم-9 پر آئل ٹینکر الٹ گیا، ٹریفک شدید متاثر

آئل پھیل جانے کے سبب سڑک پھسلن کا شکار ہوگئی جس کے باعث گاڑیوں کی رفتار انتہائی کم ہوگئی

کراچی:

سپر ہائی وے ایم-9 نوری آباد کے قریب آئل ٹینکر الٹنے کے واقعے نے ٹریفک کی روانی متاثر کر دی۔

حادثے کے نتیجے میں بڑی مقدار میں آئل سڑک پر پھیل گیا جس کے باعث دوطرفہ ٹریفک میں غیر معمولی سست روی پیدا ہوئی۔

موٹر وے پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارنے کے لیے اقدامات شروع کیے۔

نوری آباد سے کراچی آنے والے مسافروں کو لمبی قطاروں اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

ریسکیو حکام کے مطابق بھاری مشینری کی مدد سے الٹا ہوا ٹینکر سیدھا کردیا گیا ہے جبکہ سڑک پر پھیلے آئل کو صاف کرنے کا کام جاری ہے۔

پھسلن کم کرنے کے لیے ریسکیو اہلکاروں نے مختلف مقامات پر مٹی ڈال کر سڑک کو محفوظ بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔

ترجمان کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ ٹریفک بحالی کا کام مکمل ہونے کے بعد صورتحال معمول پر آنے کی توقع ہے۔

Load Next Story