کورنگی میں واٹر ٹینکر حادثہ، گرفتار ڈرائیور کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
کورنگی میں واٹر ٹینکر کی زد میں آکر بچے کی ہلاکت کے واقعے میں گرفتار واٹر ٹینکر ڈرائیور کا ویڈیو بیان سامنے آگیا۔
ڈرائیورنور حسن شاہ کا کا کہنا ہے کہ بچہ سائیکل پر تھا اور وہ واٹر ٹینکر سے نہیں ٹکرایا بلکہ سائیکل سے گرنے کے بعد واٹر ٹینکر کے پچھلے ٹائر کے نیچے آیا۔
ڈرائیور نے کہا کہ غلطی جس کی بھی ہو لیکن لوگ بڑی گاڑی والے کو ہی ذمہ دار سمجھتے ہیں، مارکیٹ میں رش تھا اس لیے گاڑی کی رفتار بھی زیادہ نہیں تھی۔ ڈرائیور کا کہنا ہے کہ وہ کورنگی سوکوارٹرز میں پانی سپلائی کرتا ہے۔
یاد رہے کہ آج (جمعہ) کی صبح زمان ٹاؤن تھانے کے علاقے کورنگی 100 کوارٹر بنگالی پاڑا کے مرکزی بازار کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 12 سالہ فرحان ولد نور محمد جاں بحق ہوگیا تھا۔
حادثے کے موقع پرشہریوں کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہو گئی اورشہریوں نے واٹر ٹینکر کا گھیراؤ کرلیا، اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، پولیس نے واٹر ٹینکر کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا تھا۔