کراچی؛ مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا

کراچی:

 مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران پانچ اسٹریٹ کریمنلز کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق تھانہ نیو کراچی کی حدود میں واقع ڈگری کالج، سیکٹر 11-I کے قریب پولیس اور مشکوک موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ پولیس معمول کے گشت پر تھی کہ ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ ترجمان ایس ایس پی سینٹرل کے مطابق گرفتار زخمی ملزمان میں شیر عالم ولد فیصل خان، محمد سعید عرف محمد ولد محمد یامین اور معصوم ولد سلیم شامل ہیں۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک 9 ایم ایم پستول، دو  30 بور پستول اور ایک 70 سی سی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ مزید قانونی کارروائی کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کر لیا گیا۔ جبکہ ملزمان کا کریمنل ریکارڈ بھی جمع کیا جارہا ہے۔

 دوسری جانب کراچی کے علاقے ملیر، ریڑی روڈ احسان گراؤنڈ کے قریب قائدآباد پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گیا۔

گرفتار زخمی ملزم کی شناخت شہزاد ولد دلدار کے نام سے ہوئی ہے، جس کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کر لی گئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ مختلف تھانوں سے چیک کیا جا رہا ہے، جبکہ برآمد ہونے والا اسلحہ فرانزک جانچ کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

دریں اثنا لانڈھی زمانہ آ باد کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت عقیل کے نام سے کی گئی ہے جسکے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔ تاہم ملزم کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

متعلقہ

Load Next Story