منافقین دھرنے دیکر عوام کو پریشان کرتے ہیں، یہ سڑکیں انکے والد کی نہیں ہیں، میئر کراچی

ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ سڑکیں بلاک کرکے عوام کو تکلیف دیتے رہو، ہم نے کارروائی کی تو یہ روئیں گے، مرتضیٰ وہاب

کراچی:

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ منافقین دھرنے دیکر عوام کو پریشان کرتے ہیں، یہ سڑکیں انکے والد کی نہیں، ہم نے کارروائی کی تو یہ روئیں گے۔

ضلع وسطی خمیسو گوٹھ میں ترقیاتی منصوبوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مرتضیٰ وہاب نے گزشتہ روز ہونے والے جماعت اسلامی کے احتجاجی دھرنوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ سڑکیں تمہارے والد صاحب کی نہیں کہ تم انہیں بلاک کرکے عوام کو پریشان کرتے ہو، نمائش چورنگی، شاہراہ فیصل اور دیگر اہم سڑکوں کو بند کیا گیا، ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ سڑکیں بلاک کرکے عوام کو تکلیف دیتے رہو، ہم نے کارروائی کی تو یہ روئیں گے، ایک بندہ تو لاہور بھاگ گیا ہے باقی بھی بھاگ جائیں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پورے شہر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں مگر منافقین صرف جل سکتے ہیں اور کچھ نہیں کرسکتے۔ کراچی کسی کے والد کا شہر نہیں جو استعفیٰ دے دوں، پیپلز پارٹی کا جیالا ہوں۔ اختیارات ہونے کے بعد روڈ کٹنگ لینے کے بعد لوگ مسائل حل نہیں کرتے، رکشوں کے پیچھے بینرز لگوانے کے بجائے عملی طور پر کام کرکے دکھایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خمیسو گوٹھ میں ایک لاکھ 90 ہزار اسکوائر فٹ پیور بلاک لگائے گئے ہیں، 20 کروڑ کے فنڈ سے 6ہزار فٹ سیوریج لائن کو درست کرکے ری پلیس کیا گیا، جب اسٹیج پر کھڑا تھا یہاں کا علاقہ مکین آیا اور وہ بولا اتنا کام پہلے کام کبھی نہیں ہوا، پیپلز پارٹی مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، بلاول بھٹو کے وژن کے مطابق وسائل عوام کی بہبود پر خرچ کرینگے۔

Load Next Story