کراچی: غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 3 ملزمان گرفتار

ملزمان سے بھاری مقدار میں غیر ملکی کرنسی برآمد

کراچی:

ایف آئی اے کراچی زون نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ 

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے ایم اے جناح روڈ پر کارروائی کے دوران غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان میں محمد رضا، احمد رضا اور محمد اویس شامل ہیں۔

ترجمان کے مطابق ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 5 ہزار امریکی ڈالر، 16 ہزار 540 متحدہ عرب امارات کے درہم، 1060 سعودی ریال، 1296 چینی آر ایم بی، 7010 افغانی اور 9 لاکھ 24 ہزار 500 پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔

اس کے علاوہ ملزمان کے قبضے سے سات موبائل فون، ایک لیپ ٹاپ، رجسٹرز اور چیک بکس بھی برآمد ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق ملزمان سے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق ڈیجیٹل شواہد بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی سے متعلق حکام کو مطمئن نہ کر سکے، جس پر انہیں گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

Load Next Story