کراچی سے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کی خاتون کارندہ گرفتار
فوٹو پولیس
اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے کورنگی سے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کی خاتون ملزمہ کو گرفتار کرکے 18 کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی۔
ایس ایس پی ایس آئی یو عمران خان کے مطابق یہ کارروائی کورنگی کے علاقے میں کی گئی جہاں سے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کی خاتون ملزمہ رمشا کو گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمہ کے قبضے سے 18 کلو 750 گرام منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ کا شوہر فرحان اور والد طارق بھی منشیات فروشی میں ملوث ہیں، شوہر اور والد ماضی میں اینٹی نارکوٹکس فورس کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں۔
ایس ایس پی ایس آئی یو کا کہنا ہے کہ منشیات کوئٹہ اور پنجگور سے اسمگل کی جاتی تھی۔ ملزمہ کے خلاف ایس آئی یو میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔