افغانستان میں راشد خان کی جان کو خطرہ، بلٹ پروف گاڑی استعمال کرنے پر مجبور
افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان نے افغانستان میں اپنی ذاتی سیکیورٹی سے متعلق حیران کن انکشافات کردیے۔
تفصیلات کے مطابق راشد خان نے سابق انگلش کپتان کیون پیٹرسن کے ساتھ گفتگو میں انکشاف کیا کہ وہ کابل کی سڑکوں پر عام لوگوں کی طرح آزادانہ گھوم پھر نہیں سکتے۔
کیون پیٹرسن نے سوال کیا کہ کیا آپ سڑکوں پر آزادانہ گھوم سکتے ہیں جس پر راشد خان نے کہا کہ ایسا ممکن ہی نہیں، یہاں تک کہ میں عام کار میں بھی باہر نہیں گھوم سکتا اور اپنی حفاظت کے لیے بلٹ پروف گاڑی استعمال کرتا ہوں۔
کیون پیٹرسن نے چونک کر سوال کیا کہ بلٹ پروف گاڑی کیوں استعمال کرنی پڑتی ہے؟ جس پر راشد خان نے واضح کیا کہ بلٹ پروف گاڑی ان کی ذاتی حفاظت کے لیے ضروری ہے۔
کیون پیٹرسن نے مزید کہا کہ کوئی آپ کو کیوں مارے گا؟ تو راشد خان نے افغانستان کے تشویشناک حالات کے تناظر میں کہا کہ کوئی مجھے نہیں مارے گا لیکن کوئی نہیں جانتا کہ وہ کب غلط وقت پر غلط جگہ پہنچ جائے۔
کیون پیٹرسن اس بات پر حیران رہ گئے تاہم راشد خان کے اندازِ گفتگو سے ظاہر ہوا کہ وہ اس صورتحال کو معمول کا حصہ سمجھتے ہیں۔
Rashid Khan Uses A Bulletproof Car When Visiting Afghanistan! 😮 pic.twitter.com/53BZkyWunp