قابل ٹیکس آمدنی کے باوجود فائلر نہ ہونے والے مزید 1.74 لاکھ امیر لوگوں کا سراغ لگالیا گیا
انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کو بینک اکاؤنٹس کی معطلی اور موٹرویز سفر پر پابندی کا بھی سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ فوٹو: ویب
ایف بی آر نے قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس نیٹ سے باہر موجود مزید ڈیڑھ لاکھ سے زائد امیر لوگوں کا سراغ لگالیا اور انہیں نوٹس جاری کرنا شروع کردیے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو حکام نے بتایا کہ ادارے نے مختلف ذرائع سے حاصل کردہ ڈیٹا کی چھان بین اور اے آئی بیسڈ آڈٹ و ڈیسک آڈٹ کے دوران مزید ایک لاکھ 74 ہزار نان فائلرز کی نئی فہرست تیار کی ہے۔
ذرائع کے مطابق نان فائلرز میں سے زیادہ تر کو نوٹس بھیجے جاچکے ہیں فہرست میں ایسی گھریلو خواتین بھی شامل ہیں جن کے شناختی کارڈ پر بھاری خریداریاں ہوئی ہیں اور بھاری اخراجات ہوئے ہیں اس کے علاوہ ٹرانزیکشنز بھی ہوئی ہیں مگر ان کی جانب سے کسی قسم کے گوشوارے جمع نہیں کروائے جارہے ہیں اور وہ تاحال ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں۔
ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قابل ٹیکس آمدنی رکھنے کے باوجود ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے ان امیر لوگوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور کہا گیا ہے کہ نان فائلرز دستاویزات کے ساتھ تین سال کے ٹیکس ریٹرن جمع کروائیں۔
ایف بی آر نان فائلرز کے شناختی کارڈ کے ذریعے آن لائن یا گھر پر نوٹس بھیج رہا ہے، ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ نوٹس کے کمپلائنس نہ کرنے والے لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔