بے نظیر بھٹو سمیت 23 کارکنوں کی شہادت کی 18ویں برسی آج منائی جا رہی ہے
سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو سمیت پی پی کے 23 کارکنوں کی شہادت کی 18 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔
18سال قبل 27 دسمبر 2007 کو لیاقت باغ میں بینظیر بھٹو سمیت پیپلز پارٹی کے 23کارکناں کی شہادت سیاسی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ اس موقع پر صدر زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بینظیر بھٹو عالمِ اسلام کی پہلی خاتون وزیرِاعظم تھیں، انہوں نے آئین، پارلیمان اور عوام کے حق کے لئے بھرپور جدوجہد کی، وہ پرامن سیاست اور جمہوریت پر پورا یقین رکھتی تھیں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے بی بی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ 27 دسمبر ہمارے لیے اجتماعی سوگ، غور وفکر اور تجدیدعزم کادن ہے، شہیدبے نظیر بھٹو آمریت، انتہاپسندی و عدم برداشت کے خلاف مزاحمت کی علامت تھیں۔خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے گڑھی خدابخش میں بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دی۔
آصفہ بھٹو نے شہید ذوالفقار علی بھٹو،شہید میر مرتضی بھٹو اور شہید میر شاہنواز بھٹو کے مزارات پر بھی فاتحہ خوانی کی، پھول چڑھائے اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں کیں۔بینظیر بھٹو کی برسی پر سندھ اورآزاد جموں کشمیر میں آج عام تعطیل ہوگی۔
دوسری جانب کارکنوں کا کہنا ہے کہ وعدوں کے باوجود پیپلز پارٹی 18 سال بعد بھی بے نظیر بھٹو کی جائے شہادت لیاقت باغ میں یادگار بنانے میں ناکام رہی جس سے کارکنوں کومایوسی ہوئی۔