دھرندھر کی شاندار کامیابی؛ اکشے کھنہ ایک بڑے قانونی تنازع میں پھنس گئے

دھرندھر کی کہانی لیاری کے گینگسٹر رحمن ڈکیت کے گرد گھومتی ہے جس کا کردار اکشے کھنہ نے نبھایا

اکشے کھنہ نے فلم دھرندھر میں لیاری گینگسٹر رحمن ڈکیت کا کردار نبھایا تھا

بالی ووڈ کے سنجیدہ اور باوقار اداکار اکشے کھنہ ایک بار پھر خبروں میں ہیں مگر اس بار وجہ ان کی اداکاری نہیں بلکہ ایک بڑا قانونی تنازع ہے۔

فلم ’دھرندھر‘ اکشے کھنہ کی بلاک بسٹر فلموں میں سے ایک فلم ثابت ہوئی جس میں سنجے دت اور رنویر سنگھ کی پاور فل ایکشن پرفارمنس کے باوجود سب سے زیادہ پذیرائی انھیں ملی ہے۔

اس فلم کی شاندار کامیابی کے بعد عالمی سطح پر توجہ حاصل کرنے والے اکشے کھنہ کے حوالے سے ایک چونکا دینے والی خبر سامنے آئی تھی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اکشے کھنہ نے اجے دیوگن کی بلاک بسٹر فرنچائز ’دریشم‘ کے تیسرے سیکوئل میں کام کرنے سے صرف ایک ٹیکسٹ میسج کے ذریعے انکار کر دیا تھا۔

اکشے کھنہ نے یہ حرکت اس وقت کی جب وہ ’دھرندھر‘ کی باکس آفس کامیابی کے خمار میں تھے اور ان کے پاؤں زمین پر نہیں ٹک رہے تھے۔

جس پر ’دریشم 3‘ کے پروڈیوسر کمار منگت پاٹھک نے اکشے کھنہ کے اس رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیتے ہوئے ان کے خلاف قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔

قانونی نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اکشے کھنہ نے گزشتہ ماہ باضابطہ معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ فلم کے پروڈیوسر نے انھیں ایڈوانس رقم بھی ادا کردی تھی ان کا معاوضہ تین مرتبہ مذاکرات کے بعد طے پایا تھا۔

پروڈیوسر کمار منگت پاٹھک نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہم دو سال سے دریشم 3 پر کام کر رہے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ اکشے کو فلم کی مکمل اسکرپٹ بھی سنائی گئی تھی جو انھیں بے حد پسند بھی آئی تھی۔

تاہم انھوں نے معاہدے پر دستخط ہونے اور سائننگ اماؤنٹ لینے کے بعد فلم میں کام کرنے سے اچانک منع کردیا جو ہمارے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

پروڈیوسر کا کہنا ہے کہ اکشے کھنہ کا کردار فلم کے لیے نہایت اہم تھا کیونکہ وہ ’دریشم 2‘ میں بھی نمایاں کردار ادا کر چکے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ان کی اچانک علیحدگی سے فلم کی پلاننگ، شوٹنگ شیڈول اور تسلسل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

تاحال اکشے کھنہ نے اس قانونی نوٹس پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا جس سے شوبز حلقوں میں تجسس مزید بڑھ گیا۔

مداح یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ آیا اکشے اپنا مؤقف سامنے لائیں گے یا یہ معاملہ عدالت کی دہلیز تک جائے گا۔

یاد رہے کہ اکشے کھنہ نے ’دریشم 2‘ میں انسپکٹر جنرل کا کردار نبھایا تھا جسے شائقین اور ناقدین نے بے حد سراہا تھا۔

یہ فلم 18 نومبر 2022 کو ریلیز ہوئی تھی اور سپر ہٹ ثابت ہوئی۔

 

Load Next Story