2025ء کے اہم ترین واقعات، سانحات، حادثات ( مارچ ، اپریل)
مارچ
02مارچ
یوکرین تنازع پر مغرب تقسیم
روس اور یوکرین تنازع پر مغرب تقسیم ہوگیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور یوکرینی ہم منصب ولودومیر زیلنسکی کے درمیان جھڑپ کے بعد لندن میں 18ممالک کا یوکرین کی حمایت میں اجلاس ہوا، جس میں یورپی ممالک نے یوکرین کی حمایت کے لیے عالمی اتحاد تشکیل دینے اور دفاعی اخراجات بڑھانے پر اتفاق کرلیا۔ برطانوی نیوزایجنسی کے مطابق یورپی راہ نماؤں کا کہنا تھا کہ وہ ٹرمپ کو دکھائیں گے کہ وہ امریکا کے بغیر بھی براعظم کا دفاع کرسکتے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم اسٹارمر کیئر نے کہا کہ برطانیہ، یوکرین اور فرانس سمیت دیگر ممالک نے مرضی کے حامل ممالک کا اتحاد (کولیشن آف ولنگ) تشکیل دینے پر اتفاق کرلیا ہے، یہ اتحاد مستقبل میں بھی روسی جارحیت کے خلاف اقدامات کرے گا جب کہ یوکرین کی حمایت اور جنگ بندی کے حوالے سے منصوبہ ٹرمپ کے ساتھ زیر بحث لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن کے لیے کسی بھی مذاکرات میں یوکرین کی شمولیت ضروری ہے۔ اطالوی وزیراعظم جارجیا میلونی نے تقسیم کے خطرے کو دور کرنے کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا۔ نیٹو اور یورپی کمیشن کے سربراہان نے یورپ سے دوبارہ مسلح ہونے اور دفاعی اخراجات بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔
اینٹی بائیوٹک مزاحمت: پاکستان میں سالانہ 59 ہزار اموات کا سبب
ماہرین نے کہا ہے کہ اینٹی بائیوٹک مزاحمت ٹائم بم ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں سالانہ براہ راست 59 ہزار اموات کا سبب ہے۔ وفاقی اردو یونی ورسٹی کراچی میں خرد حیاتیات کے زیراہتمام معاشرے میں جراثیمی بیماریاں اور اینٹی بایوٹک سے بچائو پر منعقد ہُوا۔ سیمینار مائیکرو بایولوجسٹ پروفیسر سکندر شیروانی نے کیا۔ سیمینار میں طلباء اور شعبہ خرد حیاتیات سے وابستہ مختلف اداروں کے ماہرین نے تقریب میں شرکت کی۔
03مارچ
میانمار: 500پاکستانیوں کی جبری قید
میانمار کے سرحدی علاقوں میں پانچ سو سے زاید پاکستانی نوجوانوں کے جبری قیدی ہونے کا ہول ناک انکشاف ہوا۔ تھائی لینڈ میں پاکستانی ہائی کمشنر رخسانہ افضال نے بتایا کہ قید سے11پاکستانیوں نے فرار کی کوشش کی جن میں 6 بچ نکلنے میں کام یاب ہوگئے جنہیں پاکستان بھجوادیا جب کہ باقی 5 لاپتا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو سوشل میڈیا کے ذریعے اچھی ملازمتوں کا جھانسا دیکر بینکاک بلاتے ہیں اور نوجوان ایجنٹس کو پیسہ دیکر یہاں پہنچتے ہیں تو انہیں میانمار بھیج دیتے ہیں۔ جبری قید کیے جانے والوں میں درجنوں خواتین بھی شامل ہیں۔ یہ تمام پاکستانی اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں تاہم یہ پاکستانی نوجوان آن لائن جعلی بھرتیوں کے اشتہارات دیکھ کر روزگار کی تلاش میں تھائی لینڈ پہنچے، جہاں سے انہیں غیرقانونی طور پر سرحد پار کروا کر میانمار کے خطرناک علاقوں میں لے جایا گیا۔ وہاں پہنچنے کے بعد ان کے پاسپورٹ ضبط کرلیے گئے اور انہیں مختلف بیگار کیمپوں میں قید کردیا گیا۔ ان پاکستانی قیدیوں کو غیرقانونی کاموں میں زبردستی شامل کیا گیا، جہاں ان سے جعلی کریڈٹ کارڈ اسکیمیں، آن لائن دھوکا دہی، کرپٹو کرنسی کے جرائم اور مالیاتی جرائم کروائے گئے۔
کراچی: دو ماہ میں اسٹریٹ کرائمز کے 10 ہزار واقعات رپورٹ
سال 2025کے پہلے دو ماہ کے دوران شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 10ہزار 356واقعات رپورٹ ہوئے۔ دو ماہ کے دوران 12شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل جب کہ41 زخمی ہوئے۔ اس دوران 2806شہریوں سے موبائل فون چھینے گئے۔ رواں برس28 فروری تک شہر سے 306 گاڑیاں جب کہ7ہزار244 موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔ رواں برس موبائل فون چھیننے کی یومیہ شرح 48.4، گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی 5.3 جب کہ موٹر سائیکلیں چھینے اور چوری کی یومیہ شرح 124.9 رہی۔
04مارچ
امریکا، چین، کینیڈا، میکسیکو میں تجارتی جنگ
صدر ٹرمپ نے اپنے پڑوسی ممالک کینیڈا اور میکسیکو سے درآمدات پر 25 فی صد ٹیکس نافذ کردیا۔ چینی مصنوعات پر اضافی 10فی صد ٹیرف عاید کرکے اسے 20 فی صد کردیا گیا۔ امریکی صدر نے دنیا کے دیگر ممالک سے درآمد ہونے والے المونیم اور اسٹیل پر 25 فی صد ٹیرف اپریل میں عاید کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ کینیڈا نے بھی امریکی مصنوعات پر جوابی 25 فی صد ٹیرف عائد کردیا۔ چین نے امریکی مصنوعات پر اضافی 15فی صد ٹیکس عاید کردیا، جب کہ امریکا کے ساتھ تجارت کو بھی محدود کردیا۔ کینیڈین صوبے اونٹاریو نے ایلون مسک کی کمپنی سے 100ملین ڈالر (تقریباً 28 ارب روپے) کا معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اونٹاریو کے وزیراعظم ڈگ فورڈ نے امریکا کی تین ریاستوں مشی گن، نیویارک اور منی سوٹا کو برآمد ہونے والی بجلی پر 25 فی صد ٹیکس عاید کرنے کا اعلان بھی کیا۔ معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ان امریکی پابندیوں کے نتیجے میں نہ صرف کینیڈا اور میکسیکو کی معیشت پر نہ صرف انتہائی مضر اثرات ہوں گے اور کینیڈا میں بیروزگاری بڑے پیمانے پر بڑھنے کا امکان ہے اور میکسیکو میں بھی امریکی کمپنیوں کے آپریشن پر بھی اثر پڑے گا بلکہ امریکا میں پھل سبزیوں سے لے کر روزمرہ کی اشیاء بھی بہت مہنگی ہوجائیں گی بلکہ امریکا خود بھی افراط زر اور مہنگائی میں بھی اضافہ ہوگا۔
بنوں کینٹ پر حملہ
سیکیوریٹی فورسز نے بنوں کینٹ پر فتنہ الخوارج کا دہشت گردی کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 6 خوارج دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔ دہشت گردوں نے بنوں کینٹ میں گھسنے میں ناکامی کی صورت میں بارود سے لدی 2 گاڑیاں بنوں کینٹ کی دیوار سے ٹکرا دیں۔ حملے میں قریبی مسجد شہید ہوگئی جب کہ قریبی مکانات کی چھتیں گرگئیں، جس کے نتیجے میں 4 بچوں اور 2 خواتین سمیت 12 شہری شہید اور نمازیوں سمیت 32 زخمی ہوگئے۔
06مارچ
پاکستان میں دہشت گردی واقعات میں 45 فی صد اضافہ
گزشتہ سال پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں 45 فی صد اضافہ ہوا، دہشت گرد حملوں میں اموات کی تعداد 1081 تک پہنچ گئیں۔ انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ پیس کی جاری رپورٹ کے مطابق پاکستان عالمی دہشت گردی انڈیکس 2025 میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے، کالعدم تحریک طالبان پاکستان ملک میں تیزی سے بڑھنے والی سب سے خطرناک دہشت گرد تنظیم کے طور پر سامنے آئی ہے، جو 2024میں پاکستان میں 52 فی صد ہلاکتوں کی ذمے دار تھی۔ ملک میں 2023 میں 517حملے رپورٹ ہوئے تھے جو 2024 میں بڑھ کر 1099تک جا پہنچے۔ گذشتہ سال ٹی ٹی پی نے 482 حملے کیے جن میں 558 افراد جاں بہ حق ہوئے جو 2023کے مقابلے میں 91 فی صد زیادہ ہے۔ افغانستان میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد دہشت گردوں کو سرحد پار محفوظ پناہ گاہیں مل گئی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں حملے تیزی سے بڑھے ہیں۔
07مارچ
اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری گورنمنٹ کی تجویز
وفاقی دارالحکومت کی انتظامی اصلاحات کے لیے تشکیل سب کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ اسلام آباد میں نمائندہ حکومت اور جمہوری کنٹرول قائم کیا جائے، وفاق سے اسلام آباد حکومت کو اختیارات منتقل کیے جائیں، بکھرے ہوئے محکموں کی بہ جائے مربوط انداز میں ادارے بنائے جائیں، وفاق کے ایک یونٹ کے طور پر موزوں انتظامی ڈھانچا بنایا جائے، یہ ڈھانچا گلگت بلتستان کی طرز پر صوبائی حکومت کا ہو، یہ سفارش سب کمیٹی کی عبوری رپورٹ میں کی گئی۔ اس ضمن میں ایک وزارتی وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات احسن اقبال کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے، سب کمیٹی نے تجویز کیا کہ اسلام آباد میں نئی دہلی کی طرز پر اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری گورنمنٹ بنائی جائے۔
ملالہ یوسف زئی کا آبائی گائوں کا دورہ
نوبیل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے13سال بعد شانگلہ میں اپنے آبائی گائوں اور اسکول کا دورہ کیا۔ ملالہ نے اسکول کی تقریب میں بچیوں کے مسائل سنے اور انعامات تقسیم کیے۔ بنوں میں خودکش بم دھماکوں میں جاں بہ حق ہونے والے شہریوں اور سیکیوریٹی اہل کاروں کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور چند گھنٹے قیام کے بعد اسلام آباد روانہ ہوگئیں۔ سیکیوریٹی کے باعث آمدورفت، مصروفیات اور ملاقاتوں کو انتہائی خفیہ اور مختصر رکھا گیا۔ ان کی نقل و حرکت کے موقع پر غیر معمولی طور پر حفاظتی انتظامات کیے گئے جب کہ بعض راستوں کو بند بھی کردیا گیا تھا۔ انتظامات کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ان کی اسلام آباد آمد، شانگلہ میں آبائی گائوں روانگی اور دیگر مصروفیات کی خبریں دو دن بعد منظرعام پر آئیں۔
افغان کارڈ ہولڈرز کو 31 مار چ تک پاکستان چھوڑنے کا حکم
حکومت نے افغان کارڈ ہولڈرز کو 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دے دی، یکم اپریل سے ملک بدری کا عمل شروع کردینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
08مارچ
او آئی سی نے غزہ کے لیے ٹرمپ متبادل عرب منصوبہ منظور کرلیا
اسلامی تعاون تنظیم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ پر قبضے اور اس کے باشندوں کو بے گھر کرنے کے منصوبے کے خلاف عرب لیگ کی جوابی تجویز کو باضابطہ طور پر منظور کرلیا۔ او آئی سی نے عالمی برادری سے منصوبے کی حمایت کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ عرب لیگ کی طرف سے قاہرہ میں ایک سربراہی اجلاس میں اس منصوبے کی توثیق کے تین دن بعد مسلم ممالک کے57 رکنی اتحاد نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں ہنگامی اجلاس میں عرب منصوبے کو منظور کرلیا۔ مصر کے تیار کردہ متبادل منصوبے میں فلسطینی اتھارٹی کی مستقبل کی انتظامیہ کے تحت غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کی تجویز پیش کی گئی۔ سعودی عرب نے بھی جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی وزارتی اجلاس میں فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر کرنے کے مطالبات اور خیالات کو مسترد کرنے کی تجدید کردی۔
خدا کے وجود کا اعتراف
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کائنات کی تخلیق اتفاقی نہیں، کائنات کے متوازن فطری قوانین کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ خدا ایک بہت ہی اعلیٰ درجہ کا ریاضی داں ہے۔ خدا کے وجود کو ریاضی کے فارمولوں سے ثابت کیا جا سکتا ہے۔ ہارورڈ یونی ورسٹی کے سائنس داں کی تحقیق سے متعلق ماہرفلکیات ڈاکٹر ولی سون نے کہا کہ کائنات کے فطری قوانین اتنے مکمل انداز میں بنائے گئے ہیں جو قطعی طور پر اتفاق نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کائنات کے رازوں کو ریاضی کے اصولوں سے کھولا جاسکتا ہے اور خدا کے وجود کو ریاضی کے فارمولوں سے ثابت کیا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر ولی سون نے کہا کہ یہ فارمولا اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ کائنات کے قوانین اس قدر مکمل اور منظم ہیں کہ ان کا محض اتفاقیہ طور پر وجود میں آنا ممکن نہیں۔ ڈاکٹر ولی سون کے نظریے کی بنیاد ’’فائن ٹیوننگ آرگیومنٹ‘‘ ہے، جس کا سادہ مطلب یہ ہے کہ کائنات کے فزیکل قوانین اس قدر مکمل طور پر زندگی کے لیے موزوں بنائے گئے ہیں کہ یہ سب کچھ محض اتفاقیہ نہیں ہو سکتا۔
09مارچ
دریائے سندھ پر مجوزہ کینال کے منصوبے کے خلاف احتجاج
دریائے سندھ پر مجوزہ کینال نکالنے کے منصوبے کے خلاف سندھی ادبی سنگت نے ریلی نکالی۔ ریلی جام شورو بازار سے پریس کلب تک نکالی گئی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ فوری طور پر دریائے سندھ پر کینال بنانے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ کندھ کوٹ میں بھی دریائے سندھ سے6 کینال نکالنے کے خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ وفاقی حکومت کے اس منصوبے کے خلاف کراچی، حیدرآباد اور میرپور خاص ڈویژن کے وکلا نے کراچی پریس کلب پر احتجاج کیا۔ وکلا نے کہا کہ سندھ کے عوام ایسے نہری منصوبوں کو مسترد کرتے ہیں اور اس کی مزاحمت کریں گے۔ اس موقع پر وکلا نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کیخلاف نعرے لگائے بھی لگائے۔ یہ احتجاج کراچی بار ایسوسی ایشن اور حیدرآباد بار کونسل نے مشترکہ طور پر مجوزہ نہری منصوبوں، 26ویں آئینی ترمیم، سندھ کی اراضی کارپوریٹ فارمنگ کے لیے دینے اور پیکا ایکٹ کے خلاف کیا۔ وکلا نے وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتوں کے خلاف نعرے لگائے اور نہری منصوبوں کی مزاحمت کرنے کا عزم کیا۔
10مارچ
ٹی ٹی پی۔۔۔ مہلک ترین دہشت گرد تنظیم
گلوبل ٹیررازم انڈیکس نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے تحریک طالبان پاکستان لگا تار دوسرے سال مہلک ترین دہشت گرد تنظیم بن کر سامنے آئی۔ پاکستان عالمی دہشت گردی انڈیکس میں دوسرے نمبر پر آگیا جب کہ بی ایل اے اور بی ایل ایف بھی دہشت گرد حملوں میں ملوث ہیں۔ امریکی تھنک ٹینک انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ پیس ( IET ) کے گلوبل ٹیررازم انڈیکس 2025 میں پاکستان دہشت گردی میں دوسرے نمبر پر آگیا۔ گلوبل ٹیررازم انڈیکس ایک جامع مطالعہ ہے جو دنیا کی 99.7 فی صد آبادی پر محیط 163 ممالک پر دہشت گردی کے اثرات کا تجزیہ کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال 2024 میں پاکستان میں مہلک ترین دہشت گرد حملہ بلوچستان لبریشن آرمی نے کیا۔ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے خودکش حملے میں 25 سویلین اور سیکیوریٹی اہل کار ہلاک ہوئے۔ سال 2024 میں بی ایل اے اور بی ایل ایف نے 504حملے کیے جب کہ سال 2023 میں ان گروپس کی جانب سے 116 حملے کیے گئے تھے۔
پاکستان میں خواتین کی مردوں سے کم اُجرت
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی چیئرمین بورڈ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو مردوں سے کم اجرت دی جاتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ خواتین کو سائنس اور ٹیکنالوجی میں آنے دیں، فنانشل شعبہ میں مردوں کی اجارہ داری تھی، اب وہاں خواتین کی شمولیت ہو رہی ہے، صنفی امتیاز کم کرنا ہمارا عزم ہے۔
11مارچ
بولان: جعفر ایکسپریس ہائی جیک
کچھی بولان میں پنیر ریلوے اسٹیشن کے قریب دہشت گردوں کا کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ۔ ٹرین کو ہائی جیک کرنے کے بعد 400 مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا۔ کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس سبی کے قریب پہنچی تو دہشت گردوں نے ٹریک دھماکے سے اڑا دیا، پہاڑوں سے اندھا دھند فائرنگ کے بعد ٹرین ڈرائیور زخمی ہوگیا، زخمی ڈرائیور ٹرین واپس سرنگ میں لے گیا جسے دہشت گردوں نے دونوں اطراف سے گھیرے میں لے کر یرغمال بنالیا۔ فورسز نے 4 گن شپ ہیلی کاپٹرز اور اسپیشل کمانڈوز کے ساتھ آپریشن کرتے ہوئے 16دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جب کہ خواتین اور بچوں سمیت 104 مسافروں کو بازیاب کرالیا گیا۔ سیکیوریٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے خواتین اور بچوں کو ڈھال بنالیا تھا۔ امریکی نشریاتی ادارے نے ریلوے کے سینئر افسر عمران حیات کے حوالے سے بتایا کہ دہشت گردوں کی کارروائی میں ٹرین ڈرائیور سمیت 10افراد شہید ہوگئے۔ کالعدم تنظیم بی ایل اے نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی۔
امریکا چھوڑنے کے لیے ایپ لانچ
ٹرمپ انتظامیہ نے غیرقانونی تارکینِ وطن کے لیے سیلف ڈیپورٹیشن ایپ متعارف کرادی۔ اب غیرقانونی تارکینِ وطن اپنی مرضی سے رضاکارانہ طور پر ملک چھوڑ سکتے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ نے سی بی پی ہوم نامی موبائل ایپ متعارف کروائی، جس کے تحت غیرقانونی تارکینِ وطن ممکنہ گرفتاری اور حراست کا سامنا کرنے کے بہ جائے اپنی مرضی سے سیلف ڈیپورٹ ہو سکتے ہیں۔
12مارچ
جعفر ایکسپریس کے مسافر بازیاب
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ جعفر ایکسپریس کے یرغمالی مسافر بازیاب کروالیے گئے، تمام 33 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے، کلیئرنس آپریشن کے دوران کسی مسافر کو نقصان نہیں پہنچا، آپریشن سے قبل دہشت گردوں کی بربریت میں 21 مسافر شہید ہوگئے جب کہ ایف سی کے 4 جوان شہید ہوئے۔ آپریشن میں آرمی، ایئر فورس، فرنٹیر کور اور ایس ایس جی کے جوانوں نے حصہ لیا، مشترکہ کارروائی میں سب سے پہلے خودکش حملہ آوروں کو ہلاک کیا گیا اور یرغمالیوں کو مرحلہ وار رہا کروایا گیا، دہشت گرد خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہے تھے۔
پاکستانی بھکاریوں نے ملائیشیا کا رخ کرلیا
سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر اور دیگر خلیجی ممالک میں پاکستانی بھکاریوں کے خلاف سختی، پکڑ دھکڑ اور بے دخلی کے بعد پاکستانی بھکاریوں کی اکثریت نے ملائیشیا کا رخ کرلیا، جہاں سے 3 ماہ کے دوران 26 خواتین سمیت 41 بھکاریوں کو ڈی پورٹ کردیا گیا، جن کے خلاف ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی میں انکوائری نمبر 304/25 درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔
13مارچ:
بوتل بند پانی کے 27 برانڈز ناقص
ملک بھر کے شہروں اور دیہات میں پینے کے صاف پانی کے نام پر فروخت ہونے والے بوتل بند پانی کے 27 برانڈز کا پانی مبینہ طور پر مضر صحت پایا گیا۔ ان میں سے بعض برانڈز میں سوڈیم، آرسینک اور پوٹاشیم مقررہ مقدار سے زیادہ پائی گئی جب کہ بعض برانڈ کا پانی جراثیمی طور پر آلودہ پایا گیا جس کے استعمال سے جلد سمیت مختلف کینسر، گردوں ، دل، بلڈ پریشر اور پیٹ کی بیماریاں جن میں ہیضہ ہونے کے علاوہ نروس سسٹم متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔ اکتوبر تا دسمبر 2024ء کی سہ ماہی میں ملک کے 20 شہروں سے بوتل بند پانی کے 176برانڈز کے نمونے حاصل کیے گئے، ان نمونوں کا پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے ) کے تجویز کردہ معیار کے مطابق لیبارٹری تجزیہ کیا گیا تو اس تجزیے کے مطابق 176میں سے 27 برانڈز پینے کے لیے غیرمعیاری پائے گئے۔
یہودی طلباء کا فوج میں شمولیت کے خلاف ترانہ
اسرائیل کے ایک مدرسے کے نیٹ ورک کے ہزاروں الٹرا آرتھوڈوکس یشیوا طلباء کو ایک کلپ میں اسرائیلی فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کا گانا گاتے ہوئے فلمایا گیا۔ ہزاروں طلباء گانے پر رقص کرتے رہے۔ طلبہ مقبوضہ بیت المقدس کے مشرق میں مقبوضہ مغربی کنارے کے مشورادومیم کے علاقے میں واقع ہال میں ایک تقریب میں ملک بھر کی شاخوں کے ایٹریٹ شلومو کے طلباء یشو چین کے سربراہ ربی شولوم بیرسوروٹزکن کے بیٹے کی شادی کے لیے جمع تھے، اور بعد ازاں گانے اور رقص کے لیے ہال کے باہر جمع ہوئے۔ گلوکارہ آرالے سامیٹ نے صیہونیت مخالف نی ٹوری کارتا ہریدی فرقے کا ایک مشہور ترانہ گایا، جس کا ترجمہ ہے: ’’ہم ملحدوں کی حکومت پر یقین نہیں رکھتے اور ہم ان کے قوانین کو تسلیم نہیں کرتے۔‘‘
14مارچ:
آئی ایم ایف سے مذاکرات کام یاب
پاکستان اور آئی ایم ایف نے جمعہ کے روز پہلے جائزہ مذاکرات مکمل کرلیے۔ کام یاب مذاکرات سے اسٹاف لیول معاہدے تک پہنچنے اور توسیعی فنڈ سہولت کے تحت2 سے 2.2 ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کے ساتھ ماحولیاتی مالی معاونت میں اضافے کی راہ ہم وار ہونے کی توقع ظاہر کی گئی۔ معاشی کارکردگی پر اطمینان کے اظہار کے بعد منی بجٹ کے خدشات ختم ہوگئے جس سے اگلی قسط کی راہ بھی ہم وار ہوگئی۔
کمبوڈیا میں پاکستانیوں کے ساتھ دھوکا
پاکستانی شہریوں کو پرکشش ملازمتوں کے جھانسے میں ایشیائی ملک کمبوڈیا بلوا کر بڑا فراڈ کیا جاتا رہا اور کئی سو پاکستانی کئی ماہ یرغمال اور پرتشدد کارروائیوں کا نشانہ بنے۔ سوشل میڈیا پر کمبوڈیا میں آئی ٹی سیکٹر، کال سینٹرز، انجنیئرنگ اور دیگر پروفیشنل شعبوں کی پرکشش ملازمتوں کی تشہیر کی جاتی اور ایک سے دو ہزار ڈالرز میں کمبوڈیا میں اچھی ملازمتوں کا لالچ دیا جاتا ہے۔ پرکشش ملازمتوں کے لالچ میں کمبوڈیا پہنچے نوجوانوں سے پاسپورٹ ضبط کر لیے جاتے ہیں اور انہیں کمبوڈیا کے نواحی علاقوں میں جبری مشقت، غیرقانونی کاموں خاص طور پر کال سینٹرز میں کام پر مجبور کیا جاتا ہے۔ ان شکایات پر پاکستانی مشن کی شکایت پر دو ہفتے قبل مقامی انتظامیہ نے آپریشن کرکے 100 سے زاید پاکستانیوں کو ایسے سینٹرز سے بازیاب کرایا۔
16مارچ
بلوچستان، خیبر پختون خوا میں دہشت گردی
آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے دہشت گردوں نے نوشکی کے مقام پر ایف سی کے قافلے پر بارودی مواد کا دھماکا اور خود کش حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 5 افراد شہید ہوگئے۔ شہدا میں 3 سیکیوریٹی اہل کار اور 2 شہری شامل تھے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیوریٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ خیبر پختون خوا میں تھانہ مچنی گیٹ کی پولیس چوکی پر حملے میں پولیس اہل کار شہید ہوگیا جب کہ خزانہ میں مسلح افراد نے کانسٹیبل کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔ ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی کے پولیس اسٹیشن تحصیل بانڈہ میں خرم پولیس اسٹیشن اور یونین کونسل ٹیری کے علاقہ گائوں عیسک خماری میں سوئی گیس کی تنصیبات پر دہشت گردوں کی طرف سے حملے کئے گئے۔ پولیس کے مطابق لکی مروت میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے جب کہ چوکی عباسہ خٹک پر حملے کو ناکام بنایا گیا۔
مفتی منیر شاکر بم حملے میں جاں بہ حق
معروف عالم دین منیر شاکر بم حملے میں شہید ہوگئے۔ تھانہ ارمڑ میں مفتی منیر شاکر پر بم حملے میں 600 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا۔ کائونٹر ٹیرارزم ڈیپارٹمنٹ پولیس نے دھماکے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرتے ہوئے نامعلوم افراد کے خلاف دہشت گردی سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق ارمڑ دھماکے میں 600 گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا جو مسجد کے چھوٹے مخصوص گیٹ کے سامنے نصب کیا گیا تھا۔ مفتی منیر شاکر جیسے ہی اس گیٹ سے مسجد میں داخل ہوئے تو دھماکا ہوگیا۔
17مارچ
خیبر پختون خوا میں ادویات اسکینڈل
خیبرپختون خوا میں ادویات کا بڑا اسکینڈل سامنے آیا۔ پچھلے مالی سال کے دوران ادویات کی خریداری کے لیے 4.4 ارب روپے کے سپلائی آرڈر جاری کیے گئے جس کے لیے سال 2024 کے دوران ادویات کی خریداری کے لیے 50 کمپنیوں کی 4 ارب روپے سے زیادہ ادائی کی گئی۔ اس دوران صرف 15کمپنیوں کو 3 ارب روپے سے زاید ادائی کی گئی۔ نیپ انکوائری کے دوران یہ بات سامنے ائی کہ زیادہ تر ادائیگیاں ادویات کی وصولی سے پہلے کی گئیں، ڈی جی ہیلتھ کے جاری کردہ ڈلیوری چالان بھی جعلی پائے گئے۔ یوں ادویات کی فراہمی کے بغیر قومی خزانے کو سوا ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
دنیا کے طویل القامت شخص نصیر سومرو انتقال کرگئے
دنیا میں طویل القامت شخص کا اعزاز رکھنے والے نصیر سومرو طویل عرصہ پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا رہنے کے بعد 53 برس کی عمر میں شکارپور میں انتقال کرگئے۔ 7 فٹ 9 انچ قد رکھنے والے نصیر سومرو دراز قد کے باعث گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی شامل رہ چکے ہیں۔ نصیر سومرو کافی عرصے سے علیل تھے اور سانس کی تکلیف اور جوڑوں کے درد میں مبتلا تھے۔
18مارچ
اسرائیل نے جنگ بندی توڑ دی
غزہ پر صیہونی طیاروں کی سحری کے وقت امریکی ساختہ بموں سے وحشیانہ بمباری ، حماس کے وزیراعظم، نائب وزیرانصاف اور نائب وزیرداخلہ سمیت 413 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے، شہداء میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے، اسلامی جہاد نے بم باری میں اپنے عسکری ونگ القدس بریگیڈز کے ترجمان ناجی ابوسیف جو ابوحمزہ کے نام سے مشہور تھے کی اپنی اہلیہ سمیت شہادت کی تصدیق کی۔ صہیونی فورسز کی مسلسل بم باری کے بعد غزہ شہر مسلسل دھماکوں سے گونجتا رہا۔ امریکا نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے غزہ پر حملے سے قبل صدر ٹرمپ سے مشاورت کی تھی۔ حماس نے عارضی جنگ بندی کا مطالبہ مسترد کردیا تھا ، حماس کے راہ نما سامی ابوزہری نے کہا کہ اسرائیل ’’ہتھیار ڈالنے کا معاہدہ‘‘ مسلط کرنے کی کوشش کر رہا ہے، انھوں نے امریکا کو شریک جرم قرار دیا۔
مصنوعی ذہانت منظم جرائم کی معاون
یورو پول نے خبردار کیا کہ مصنوعی ذہانت منظم جرائم کو ٹربو چارج کر رہی ہے۔ بچوں کے جنسی استحصال کی تصاویر بنانے سے لے کر کرپٹو کرنسی کے ذریعے منی لانڈرنگ تک کوانٹم کمپیوٹنگ جیسی پیش رفت صرف چیزوں کو مزید خراب کرنے کے لیے تیار ہے۔ ایک رپورٹ میں منظم جرائم سے لاحق خطرات کو بیان کرتے ہوئے یورپی پولیس آرگنائزیشن نے کہا کہ مجرموں نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت کی جانب سے پیش کردہ مواقع سے فائدہ اٹھایا۔ یورو پول نے 80 صفحات پر مشتمل ایک تفصیلی رپورٹ میں کہا کہ بالخصوص مصنوعی ذہانت میں تیزرفتار تکنیکی ترقی نئے سرے سے تشکیل دے رہی ہے کہ کس طرح جرم کو منظم، سرانجام اور چھپایا جاتا ہے۔ پولیس نے مزید کہا کہ یہ تبدیلیاں منظم جرائم کو مزید خطرناک بنا رہی ہیں، جو سیکورٹی کے لیے چیلینج ہے۔
19مارچ
حافظ حسین احمد انتقال کرگئے
جمعیت علمائے اسلام کے سینیر راہ نما، سابق رکنِ قومی اسمبلی اور سینیٹر حافظ حسین احمد انتقال کر گئے۔ ان کی عمر تقریباً 74برس تھی۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ کچھ عرصے سے علیل تھے۔ ہفتے میں دو روز ان کا ڈائیلائسز ہورہا تھا۔ حافظ حسین احمد 1951میں کوئٹہ کے ایک مذہبی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم قرآن، حدیث، فقہ اور عربی ادب میں حاصل کی۔ وہ دارالعلوم دیوبند کے مسلک سے وابستہ تھے اور دینی علوم میں درسِ نظامی اور حفظِ قرآن کی اسناد رکھتے تھے۔ سیاسی کیریئر کا آغاز 1973 میں بلوچستان کی سیاست سے کیا۔ بعد ازآں قومی سطح پر جمیعت علمائے اسلام میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وہ دو مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ پہلی بار 1988 سے 1990 اور دوسری بار 2002 سے 2007 تک۔ اس کے علاوہ وہ مارچ 1991 سے مارچ 1994 تک سینیٹ آف پاکستان کے رکن بھی رہے۔ وہ قومی اسمبلی میں متحدہ مجلس عمل کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
20مارچ
کیپٹن حسنین اختر شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق 20 مارچ کو سیکیوریٹی فورسز نے خوارج کی موجودی کی اطلاع پر ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں آپریشن کیا، جس کے دوران سیکیوریٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے پر موثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں تمام 10دہشت گرد مارے گئے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں جہلم سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ کیپٹن حسنین اختر بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
خوش ترین ملک
ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ میں مسلسل تیرہویں سال بھی فن لینڈ دنیا کا خوش ترین ملک قرار پایا۔ افغانستان دنیا کا بدترین ملک قرار پایا۔ رپورٹ کے مطابق مہنگائی اور بحرانوں کے باوجود پاکستانی بھارتی شہریوں کے مقابلے میں زیادہ خوش رہتے ہیں۔ فرانس، برطانیہ اور امریکا کا شمار دنیا کے خوش اور بہترین 20 ممالک میں نہیں ہوتا۔
21مارچ
تن خواہوں میں 188 فی صد اضافہ
وفاقی وزرا، وزرائے مملکت اور مشیران کی تن خواہوں میں 188 فی صد تک اضافہ کیا گیا ۔ وفاقی کابینہ نے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تن خواہوں میں اضافے کی سمری منظور کرلی۔ وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کے الائونس اور تنخواہوں کے ایکٹ 1975 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ بل کی منظوری کے بعد وفاقی وزیر، وزیر مملکت اور مشیر کی تن خواہ 5 لاکھ 19 ہزار ہو جائے گی۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر کی تنخواہ 2 لاکھ اور وزیر مملکت کی 1لاکھ 80 ہزار تھی۔ وفاقی وزیر کی تنخواہ میں 159فی صد اضافہ منظور کیا گیا۔ وزیر مملکت اور مشیر برائے وزیراعظم کی تن خواہوں میں بھی 188 فی صد تک اضافہ منظور کیا گیا۔
22مارچ
دہشت گردی
بلوچستان کے ضلع قلات میں مسلح افراد نے فائرنگ کرکے چار مزدوروں کو قتل کردیا۔ چاروں کا تعلق پنجاب کے علاقے صادق آباد سے تھا۔ ضلع نوشکی کے علاقے غریب آباد میں پولیس موبائل پر فائرنگ سے 4 اہل کار جاں بہ حق ہوگئے۔
اسرائیلی دہشت گردی جاری
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے مختلف علاقوں پر فضائی اور زمینی حملے کیے جن میں بچی سمیت 2 افراد جاں بہ حق اور 8 زخمی ہوگئے۔
23مارچ
پھانسی کے 45 سال بعد بھٹو کے لیے بعد از وفات نشان پاکستان ایوارڈ
سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کے 45 سال بعد اعلیٰ ترین سول ایوارڈ نشانِ پاکستان سے نوازا گیا۔ ذوالفقار علی بھٹو کا ایوارڈ اُن کی صاحب زادی صنم بھٹو نے وصول کیا۔ بھٹو کی سیاسی اور قومی خدمات کے تذکرے کے موقع پر صنم بھٹو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آب دیدہ ہوگئیں۔ صدر آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان پر نمایاں خدمات انجام دینے والی69 ملکی اور غیرملکی شخصیات کو سول ایوارڈز سے نوازا۔
دریائے سندھ۔۔۔ احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ برقرار
دریائے سندھ سے نئی چھے نہریں نکالے جانے کے خلاف احتجاج اور ریلیوں کا سلسلہ برقرار رہا۔ انجمن ترقی پسند مصنفین اور عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیا گیا۔ ادیب ادل سومرو، شاعر ایاز گل، ممتاز بخاری سمیت وکلاء، سول سوسائٹی، سماجی راہ نمائوں نے شرکت کی۔ بدین ارسا ایکٹ میں ترمیم، کارپوریٹ فارمنگ اور چھے نئے کینالوں کے خلاف عوامی تحریک کی جانب سے کڑیو گھنور میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور دھرنا دیا گیا۔
24مارچ
پاکستانیوں کا دورۂ اسرائیل
اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ، اسرائیل ہیوم اور دیگر ذرایع کے مطابق 11 پاکستانی شہریوں پر مشتمل ایک وفد نے مارچ کے وسط میں اسرائیل کا دورہ کیا۔ اس وفد میں صحافی، دستاویزی فلم ساز اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے، جنھوں نے اسرائیل کے ہولوکاسٹ میوزیم، اکتوبر 2023ء کے حملوں کے مقامات اور دیگر اہم تاریخی و ثقافتی مقامات کا دورہ کیا۔ یہ دورہ ’’شراکہ‘‘ نامی تنظیم نے ترتیب دیا۔ یاد رہے شراکہ کے تحت پہلے بھی پاکستانی وفد اسرائیل کا دورہ کرچکا ہے۔ 2020ء میں اسرائیل ہیوم نے رپورٹ کیا تھا کہ پاکستان کے وزیراعظم کے ایک مشیر نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔ مشیر نے دورے کی تردید کی تھی۔ عرب نیوز کے مطابق پاکستان کی وزارت خارجہ نے 20 مارچ کو ایک بیان جاری کیا کہ وہ اس دورے کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہی ہے اور اس بات کی تصدیق نہیں ہوئی کہ وفد کے ارکان نے کس پاسپورٹ پر سفر کیا۔
غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بم باری
غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ بم باری کا سلسلہ جاری ہے اور2 صحافیوں سمیت مزید 65 افراد شہید ہوگئے، بم باری سے ریڈکراس کا دفتر بھی تباہ ہوگیا جب کہ اقوام متحدہ نے غزہ میں امدادی عملہ کم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی بم باری سے غزہ شہر میں کینسر کے علاج کا واحد اسپتال بھی نشانہ بن گیا۔ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک انکلیو پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 208 صحافی شہید ہوچکے ہیں۔ صحت کے حکام نے بتایا کہ اسرائیل نے اپنے حملے دوبارہ شروع کرنے کے بعد تقریباً 700 فلسطینیوں کو شہید کیا ہے، جن میں کم از کم 400 خواتین اور بچے شامل ہیں۔
25مارچ
دریائے سندھ کوٹری ڈائون اسٹریم میں پانی کی قلت
دریائے سندھ میں پانی کی قلت سے لوگ نقل مکانی پر مجبور ہوگئے۔ ٹھٹھہ سجاول پل کے مقام پر دریائے سندھ کے دامن میں ریت کے ٹیلے بن گئے اور زرعی پانی فراہم کرنے والی نہریں خشک ہوگئیں ہیں۔ کوٹری ڈائون اسٹریم میں پانی کی قلت سے انسانی زندگی اور آبی حیات شدید متاثر ہونے لگی۔
26 مارچ
پہلی بیوی کو نکاح ختم کرنے کا حق دیناغیر شرعی
اسلامی نظریاتی کونسل نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا جائزہ لینے کے بعد رائے دی کہ بغیر اجازت دوسری شادی کرنے کے نتیجے میں پہلی بیوی کو فسخ نکاح کا حق دینا غیر شرعی ہے اور ایسا عدالتی فیصلہ جو یہ حق دے شریعت کی نظر میں درست نہیں۔ کونسل نے یہ رائے اپنے اجلاس میں دی۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 23 اکتوبر 2024 کو یہ فیصلہ دیا تھا کہ بغیر اجازت دوسری شادی پر پہلی بیوی شادی معاہدہ ختم کر سکتی ہے۔ اس فیصلے کا شرعی نقطہ ٔنظر سے جائزہ لینے کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کو غیر شرعی قرار دے دیا ہے۔
تیسری عالمی جنگ کا خطرہ
یورپی یونین نے 27 رکن ممالک کے تمام گھرانوں سے کہا کہ وہ جنگ یا قدرتی آفات کے لیے 72 گھنٹوں کی لائف کٹ تیار رکھیں۔ کمشنر ہا دجال ہیب نے کہا کہ شہری ماچس، واٹر پروف شناخت دستاویزات، بوتل بند پانی، انرجی بارز، اور ٹارچ سمیت ضروری اشیا جمع کریں۔ یورپی راہنماؤں کا کہنا تھا کہ یوکرین پر حملے کے بعد صورت حال عالمی جنگ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ کچھ اسکینڈی نیوین ممالک نے پہلے ہی جنگ میں بقاءکے معلوماتی کتا بچے تقسیم کر کے اپنی تیاریوں کو تیز کردیا۔ سویڈن میں اگر بحران یا جنگ آئے کے عنوان سے پمفلٹ تقسیم کیے گئے، جب کہ فن لینڈ نے اپنے شہریوں کو حادثات اور بحرانوں کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی۔
27 مارچ
امریکی کانگریس میں پاکستان مخالف بل
پاکستانی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی کانگریس میں پاکستان مخالف بل انفرادی اقدام ہے، یہ واشنگٹن کے سرکاری موقف کی عکاسی نہیں کرتا، وزارت خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں پاکستانی ایکسپورٹ کمپنیوں پر امریکی پابندیوں پر بھی ردعمل دیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے ذریعے ملک کے کمرشل اداروں کو ثبوت دیے بغیر ناروا طور پر نشانہ بنایا گیا۔ یہ پابندیاں سیاسی محرکات کے تحت کی گئی ہیں جو یک طرفہ اور متعصبانہ ہیں اور بغیر کسی مصدقہ شواہد کے لگائی گئی ہیں، بلوچ مظاہرین سے متعلق اقوام متحدہ کے حکام کے موقف پر مبنی بیان حقائق سے کم علمی کی بنیاد پر جاری کیا گیا ہے، بلوچ مظاہرین بھی پر امن نہیں ہیں۔
نجی میڈیکل کالجوں کی ٹیوشن فیس 18 لاکھ مقرر
وزیر اعظم پاکستان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی برائے میڈیکل ایجو کیشن ریفارمز، جس کی سر براہی نائب وزیر اعظم کر رہے ہیں، نے ایک اہم فیصلہ کیا، جس کے تحت نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی سالانہ ٹیوشن فیس ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کے لیے 18 لاکھ روپے مقرر کر دی گئی۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی سالانہ فیس میں اضافہ صارف قیمت اشاریہ (CPI) کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ ایم بی بی ایس کے لیے یہ فیس پانچ سال اور بی ڈی ایس کے لیے چار سال تک لاگو ہوگی۔
28 مارچ
میانمار اور تھائی لینڈ میں شدید زلزلہ
میانمار اور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں خوف ناک زلزلے سے متعدد عمارتیں تباہ ہو گئیں، شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی۔ بنگلا دیش، بھارت، لاؤس اور چین میں بھی زلزلہ آیا۔ میانمار میں حکام کے مطابق زلزلے سے 144 افراد ہلاک اور 732 زخمی ہو گئے، ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی، زلزلے سے میٹرو اور ریل سروس معطل کر دی گئی۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں وہاں 7 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
29 مارچ
غزہ، 14 امدادی کارکنوں کے قتل کا انکشاف اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 14 امدادی کارکنوں کے قتل کا انکشاف ہوا۔ یہ کارکن ایک ہفتے قبل تل السلطان کے علاقے میں بم باری کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچے تھے۔ الجزیرہ نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے ان کارکنوں کو قتل کرنے کے بعد ان کی لاشیں دفنا دیں جب کہ ایک ایمبولنس کو بھی برآمد کر لیا گیا، جسے دفن کر دیا گیا تھا۔