کراچی؛ کورنگی میں پولیس یونیفارم پہن کر وارداتیں کرنے والے 4 ڈاکو  زخمی حالت میں گرفتار

ملزمان پولیس وردی پہن کر گھروں میں پولیس چیکنگ کے بہانے داخل ہوتے اور ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے

کراچی:

کراچی کے علاقے کورنگی میں پولیس مقابلے کے دوران پولیس یونیفارم پہن کر وارداتیں کرنے والے چار ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے لوٹ مار میں مصروف تھے کہ کورنگی نمبر تین کے قریب پولیس سے ان کا سامنا ہوا، فائرنگ کا تبادلہ میں چار ملزمان زخمی ہو گئے۔

ایس ایس پی کورنگی فدا حسین جانوری نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پولیس یونیفارمز، اسلحہ، موٹر سائیکل، موبائل فونز اور چھینی گئی نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان پولیس وردی پہن کر گھروں میں پولیس چیکنگ کے بہانے داخل ہوتے اور ڈکیتی کی وارداتیں کرتے تھے۔

پولیس کے مطابق مقابلے کے دوران ملزمان کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت کامران، حمید، عمران اور رمضان کے نام سے ہوئی ہے، جو کورنگی کے مختلف علاقوں میں متعدد گھروں میں ڈکیتیوں کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

پولیس نے زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

 

Load Next Story