پی ٹی سی ایل نے با ضابطہ طور پر ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا

اس سے ملک بھر میں ڈیجیٹل با اختیاری اور انقلابی تبدیلی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا

کراچی:

پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر کی ترقی کا ایک تاریخی سنگِ میل عبور کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز (Orion Towers) کے جاری شدہ سو فیصد حصص کی خریداری کا عمل مکمل کرکے باضابطہ طور پر ٹیلی نار پاکستان کا انتظام سنبھال لیا ہے جس سے ملک بھر میں ڈیجیٹل با اختیاری اور انقلابی تبدیلی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔

آج سے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز، پی ٹی سی ایل کی سو فیصد ملکیتی ذیلی کمپنیوں کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے اور پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ (یوفون 4G) اور یو مائیکروفنانس بینک کے شانہ بشانہ پی ٹی سی ایل کا حصہ ہونگے۔ ٹیلی نار پاکستان عبوری مدت کے دوران ایک علیحدہ قانونی ادارے کے طور پر کام جاری رکھے گا۔ ضروری ریگولیٹری منظوریوں کے بعد پی ٹی ایم ایل اور ٹیلی نار پاکستان کو مستقبل میں ایک مربوط ادارے کی صورت میں آپس میں ضم کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر پی ٹی سی ایل نے پاکستان کے ٹیلی کام شعبے کی ترقی میں ٹیلی نار اے ایس اے کی خدمات کا برملا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ایک کاروباری مقابل اور ساتھی ٹیلی کام ادارے کی حیثیت سے ٹیلی نار نے تقریباً دو دہائیوں تک سروس کا معیار بلند کرنے اور رابطوں کوفروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا۔

 اس سنگِ میل سے دونوں ادارے ایک دوسرےکی صلاحیتوں اور وسائل کی تکمیل کریں گے، اور ایک ایسا پلیٹ فارم تشکیل دیں گے، جو صارفین کی سہولت پر مرکوز سوچ، وسیع تر رسائی اور تیز رفتار جدت کو فروغ دے گا۔ مستقبل میں پی ٹی ایم ایل (یوفون 4G) اور ٹیلی نار پاکستان کے انضمام سے وجود میں آنے والی کمپنی پاکستان کی ڈیجیٹل امنگوں کی روشنی میں نیٹ ورک صلاحیتوں میں توسیع، اسپیکٹرم وسائل کی بہتر ترتیب، اور صارفین کی بدلتی ہوئی ضروریات کے مطابق محفوظ، مربوط اور ڈیجیٹل طور پر فعال خدمات فراہم کرنےکیلئے پوری طرح تیار ہوگی۔

Load Next Story