کراچی، نادرن بائی پاس پر پولیس اور ڈاکوؤں میں فائرنگ کا تبادلہ، تین ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، پولیس

کراچی:

شہر قائد میں ایس آئی یو، سی آئی اے پولیس اور شہریوں سے لوٹ مار میں ملوث ڈاکوؤں کے درمیان نادرن بائی پاس گلشنِ معمار کے علاقے میں دو طرفہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں تین ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

ایس ایس پی ایس آئی یو محمد عمران خان کے مطابق پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو قابو میں لیا۔

ایس ایس پی محمد عمران خان نے بتایا کہ پولیس معمول کے گشت اور خفیہ اطلاع پر مشکوک ملزمان کا تعاقب کر رہی تھی کہ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی میں تینوں ڈاکو زخمی ہو گئے، جنہیں موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے تین پستول، نقدی رقم اور شہریوں سے چھینے گئے موبائل فون برآمد کر لیے گئے ہیں۔

فائرنگ کے تبادلے کے بعد زخمی ملزمان کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ایس آئی یو کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ ان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story