پی ایس ایل کے ساتھ ملتان سلطانز کا سفر ختم

سابقہ اونرز سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی محروم، 35 لاکھ فالوورز گنوا دیے

کراچی:

پی ایس ایل کے ساتھ ملتان سلطانز کا سفر باضابطہ طور پر ختم ہو گیا، اگلے ایڈیشن میں پی سی بی خود معاملات سنبھالے گا،اس کے بعد فرنچائز کو فروخت کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اونر کی جانب سے تندوتیز بیانات اور بعد میں نوٹس پھاڑ کر پھینک دینے سے پی سی بی اور ملتان سلطانز کے معاملات میں واپسی کی گنجائش نہ رہی،اسی لیے دیگر فرنچائز کے برعکس سلطانز کو معاہدے میں تجدید کی پیشکش نہ ہوئی۔

بورڈ نے فوری طور پر معاہدہ ختم کرنے کے بجائے 31 دسمبر تک کا انتظار کیا، اب فرنچائز کا کنٹریکٹ باضابطہ طور پر ختم ہو چکا، رواں سال پی سی بی 11 ویں ایڈیشن میں خود انتظامات سنبھالے گا۔

اس کے بعد ٹیم کو فروخت کر دیا جائے گا، ملتان سلطانز نام برقرار رکھنا یا کوئی اور نام اختیار کرنا نئے مالکان کی صوابدید ہو گی، ملکیت کے ساتھ تمام سوشل میڈیا اکائونٹس اور ویب سائٹ بھی ملتان سلطانز کے ہاتھ سے نکل گئی۔

اس وقت ملتان سلطانز کے17 لاکھ فیس بک،7 لاکھ 74 ہزار ایکس (ٹویٹر) 5 لاکھ 76 ہزار انسٹاگرام، 5 لاکھ 6 ہزار ٹک ٹاک فالوورز ہیں، ملتان سلطانز فرنچائز دوسری بار اونرز سے محروم ہوئی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایک طرف علی ترین نے ایک ارب 8 کروڑ سالانہ فیس کی حامل فرنچائز کو چھوڑ دیا، دوسری جانب وہ ساتویں اور آٹھویں ٹیم کی نیلامی میں بھی شریک ہیں، اس کی فیس ڈیڑھ ارب سے زائد تک ہو سکتی ہے۔

ویلیوایشن میں فیس بڑھنے کے باوجود وہ ممکنہ طور پر اس سے کم رقم میں ملتان سلطانز کو برقرار رکھ سکتے تھے۔

ذرائع کے مطابق شاید سابقہ اونرز کو لگتا تھا کہ بورڈ انھیں نیلامی میں شریک ہی نہ ہونے دے البتہ چیئرمین محسن نقوی نے انھیں خود ویلکم کہا، اب سطانز کے سابقہ اونرز مشکل میں پڑ گئے ہیں۔

ادھر 8 جنوری کی نیلامی میں کئی بڑی پارٹیز بھی شریک ہیں جس کی وجہ سے رقم میں خاصے اضافے کا امکان ہے، البتہ سوشل میڈیا پر متحرک بعض کمپنیز نے اس موقع کو اپنی تشہیر کیلیے استعمال کرنے کا ذریعہ بنا لیا ہے۔

اخراجات ملا کر سالانہ 2 ارب روپے خرچ کرنا ان کیلیے ممکن نہ ہو گا، البتہ بولی میں شرکت اور سوشل میڈیا پر باتوں سے ان کا پروفائل بہتر ہو سکتا ہے۔

اس کے لیے انھیں 20 ہزار ڈالرز ہی خرچ کرنا پڑ رہے ہیں، 2 لاکھ ڈالرز انھیں نیلامی میں ناکامی کی صورت میں واپس کر دیے جائیں گے۔

متعلقہ

Load Next Story