صبا قمر کا نئے ڈرامے میں انتہائی بولڈ انداز، صارفین نے آڑے ہاتھوں لے لیا
پاکستان کی نامور و اسٹائلش اداکارہ صبا قمر کو مشکل اور سنجیدہ کرداروں کو باکمال انداز میں نبھانے پر خاصی پذیرائی ملتی ہے۔
پانی جیسا پیار، باغی، بےشرم، چیخ، ڈائجسٹ رائٹر، سنگت، فراڈ، سرِ راہ، تمہارے حسن کے نام اور دیگر کئی مقبول ڈراموں میں ان کی اداکاری کو سراہا گیا۔
ان دنوں وہ ’کیس نمبر 9‘ اور ’پامال‘ میں اپنی مضبوط پرفارمنس کے باعث خبروں میں ہیں، جبکہ نئے ڈرامے ’معمہ‘ میں ان کے کردار کو بھی توجہ حاصل ہو رہی ہے۔
تاہم ’معمہ‘ میں صبا قمر کے انتہائی بولڈ لباس کے انداز پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل سامنے آیا ہے۔
اس کے علاوہ ان کا ایک بولڈ فوٹو شوٹ بھی وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے جدید طرز کا فِٹڈ گاؤن زیب تن کیا ہوا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس اندازِ لباس پر مختلف آراء کا اظہار کیا ہے، جن میں کچھ نے اسے پاکستانی ڈراموں کے خاندانی مزاج کے خلاف قرار دیا، جبکہ بعض نے نشریاتی اداروں اور ریگولیٹری اتھارٹی پر سوالات اٹھائے۔
کئی صارفین کا کہنا ہے کہ اداکاروں کو ٹی وی اسکرین پر لباس کے انتخاب میں وقار اور حدود کا خیال رکھنا چاہیے، جبکہ کچھ نے ذاتی زندگی اور آن اسکرین پیشکش کے فرق پر زور دیا۔