ملکی تاریخ میں پہلی بار، کے پی حکومت نے جامعات کی رینکنگ کی منظوری دیدی
یونیورسٹی میں اس قسم کی کوئی حرکت برداشت نہیں کی جائے گی، انتظامیہ ۔ فوٹو : فائل
محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے جامعات کے لیے صوبائی سطح پر رینکنگ نظام کی منظوری دے دی جس کے بعد خیبرپختونخوا رینکنگ کی منظوری دینے والا پہلا صوبہ بن گیا۔
کے پی حکومت کے مطابق ایک سال کی انتھک کوششوں کے بعد، وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ سسٹم کی باضابطہ منظوری ہے دی جس کے بعد خیبرپختونخوا پاکستان کا پہلا صوبہ بن گیا ہے جہاں اپنی نوعیت کا جامع صوبائی یونیورسٹی رینکنگ نظام متعارف کرایا گیا ہے۔
منظوری کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا کہ نئے سال کے آغاز پر کے پی کی جامعات، اساتذہ، طلبہ اور تعلیمی اسٹاف کے لیے یہ رینکنگ نظام ایک تحفہ ہے جو تعلیمی معیار، شفافیت اور مسابقت کو فروغ دے گا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ سسٹم کی تیاری میں بین الاقوامی معیار کے کیو ایس (QS) اور ٹائمز ہائر ایجوکیشن (THE) جبکہ قومی سطح پر ایچ ای سی کے رینکنگ نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے اور ان کے بہترین اشاریوں کو صوبائی تقاضوں کے مطابق شامل کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ تعلیم نے بتایا کہ نئے رینکنگ نظام کے تحت تمام سرکاری جامعات کو ایک ماہ کے اندر مقررہ پروفارما کے ذریعے مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، جبکہ مارچ کے مہینے میں پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ لسٹ جاری کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ آئندہ جامعات کو مالی گرانٹس کی فراہمی میں بھی رینکنگ سسٹم کو مدنظر رکھا جائے گا تاکہ بہتر کارکردگی دکھانے والی جامعات کو مزید سہولیات دی جا سکیں۔
مینا خان آفریدی نے کہا کہ اس رینکنگ نظام میں جامعات کی کارکردگی جانچنے کے لیے گورننس، ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، فنانس و فنڈ جنریشن، اسٹوڈنٹس سپورٹ سروسز، اکیڈمک ایکسلینس اور دیگر اہم اشاریوں کو شامل کیا گیا ہے تاکہ ہر زاویے سے جامع اور شفاف تجزیہ ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا جامعات رینکنگ نظام کو مکمل تحقیق اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے، دیگر صوبوں میں تاحال جامعات کے لیے کسی صوبائی سطح کے رینکنگ نظام پر کام نہیں ہوا اور خیبرپختونخوا اس حوالے سے بھی سبقت لے گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر چیئرمین عمران خان آج آزاد ہوتے تو خیبرپختونخوا کی اس تعلیمی کامیابی اور بلند پرواز پر ضرور تالیاں بجاتے۔
مینا خان آفریدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات، معیار اور عالمی مسابقت کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی تاکہ خیبرپختونخوا کی جامعات کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام دلایا جاسکے۔