کرنل نبیل احمد رانا پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر منتخب

کرنل نبیل احمد رانا کھیلوں کے انتظامی امور میں مضبوط کمانڈ اور مؤثر مینجمنٹ کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں

پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن (پی ٹی ایف) نے کرنل نبیل احمد رانا کو متفقہ طور پر فیڈریشن کا نیا صدر اور ناجیہ رسول کو جنرل سیکریٹری منتخب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کی جنرل کونسل کے اجلاس میں سیکریٹری آرمی فٹنس اینڈ اسپورٹس ڈائریکٹوریٹ کرنل نبیل احمد رانا کو بلامقابلہ فیڈریشن کا صدر منتخب کیا گیا۔

کرنل نبیل احمد رانا کھیلوں کے انتظامی امور میں مضبوط کمانڈ اور مؤثر مینجمنٹ کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

ان کا انتخاب پاکستان میں تائیکوانڈو کے نظم و نسق اور ادارہ جاتی مضبوطی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

نومنتخب صدر پی ٹی ایف کرنل نبیل احمد رانا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ارکان کا اعتماد حاصل کرنے پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ وہ مکمل عزم، وژن اور لگن کے ساتھ پاکستان تائیکوانڈو کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، گراس روٹ سطح پر ترقی، استعداد کار میں اضافہ اور کھلاڑیوں و آفیشلز کے لیے بین الاقوامی مواقع بڑھانے پر خصوصی توجہ دینے کا اعلان کیا۔

واضح رہے کہ  لیفٹیننٹ کرنل (ر) راجہ وسیم احمد نے پاکستان اسپورٹس بورڈ  کی جانب سے اسپورٹس پالیسی کی خلاف ورزی پر جاری کردہ حتمی وارننگ کے بعد صدر کے عہدے سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

Load Next Story