ٹک ٹاکر رجب بٹ اور وکلا میں مذاکرات سے پہلے نیا تنازع شروع
فوٹو: فائل
ٹک ٹاکر رجب بٹ پر سٹی کورٹ کے باہر تشدد کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر وکلا کے ساتھ مذاکرات پہلے نیا تنازع شروع ہوگیا ہے جہاں ٹک ٹاکر کے وکیل اور دیگر سندھ بار کونسل میں درخواستیں جمع کرادی ہیں۔
رجب بٹ کے وکیل بیرسٹر میاں علی اشفاق نے سندھ بار کونسل میں ریاض سولنگی اور عبد الفتاح چانڈیو کے خلاف درخواست جمع کرائی، اسی طرح سٹی کورٹ میں سائلین پر حملوں کے خلاف 15 وکلا نے بھی سندھ بار کونسل میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ سٹی کورٹ میں سائلین کے ساتھ مارکٹائی سے وکلا کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے، سندھ بار کونسل کی خاموشی سے ادارے کو نقصان ہو رہا ہے، عدالتی نظام اور بار کی عزت کی بحالی انتہائی ضروری ہے۔
سندھ بار کونسل میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ سٹی کورٹ میں 29 دسمبر کو ہونے والے واقعے کی تحقیقات کرائی جائیں۔
بیرسٹر میاں علی اشفاق نے کہا کہ رجب بٹ پر تشدد کیا گیا یہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، ریاض سولنگی اور عبدالفتاح چانڈیو نے قانون اور بار کی روایت کے خلاف کام کیا ہے۔
انہوں نے استدعا کی ہے کہ ریاض سولنگی، فتح چانڈیو اور دیگر وکلا کے خلاف کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ کراچی سٹی کورٹ کے باہر پیش آنے والے واقعے کی بنیاد پر پنجاب بارکونسل نے رجب بٹ کے وکیل میاں علی اشفاق کا وکالت کا لائسنس معطل کردیا ہے۔
پنجاب بار کونسل نے میاں علی اشفاق کا لائسنس کی مستقل منسوخی کے لیے کیس ڈسپلنری کمیٹی کو بھیجوا دیا ہے۔