یو اے ای کے سجوانی گروپ کی وزیراعظم سے ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
وزیراعظم سے یو اے ای کے معروف کاروباری سجوانی گروپ کے وفد نے ملاقات کی اور پاک یو اے ای کاروبار کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید موثر معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کی سمت بڑھ رہے ہیں، یہ تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کے حالیہ دورۂ پاکستان نے دونوں ممالک کی شراکت داری کو مزید تقویت دی ہے اور تعاون کے فروغ کے لیے سازگار فضا قائم کی ہے۔
وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ حالیہ اعلیٰ سطح روابط اور تبادلوں سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے نجی شعبوں اور سرمایہ کاروں کے باہمی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے ایک مضبوط بنیاد میسر آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل جدت، بلاک چین اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں بزنس ٹو بزنس (B2B) تعاون کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں، اماراتی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کاری، جدت اور عالمی روابط اور پاکستان کی افرادی صلاحیت و قوت معاشی ترقی کے لئے نہایت مفید شراکت داری ہے۔
سجوانی گروپ کے وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور معاشی شراکت داری کے مواقع پر مزید تعاون کرنے کی عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی سیاسی قیادت کی مضبوط حمایت کے ساتھ نجی شعبے کے اشتراک میں اضافہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے سجوانی گروپ کے وفد نے پاکستان میں پرتپاک استقبال اور میزبانی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم نے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔