امریکی پالیسیاں عالمی نظام کو تباہ کر رہی ہیں؛ دنیا کو لٹیرے سے بچانا ہے؛ جرمن صدر

دنیا ایک ایسی جگہ بن جائے گی جہاں طاقتور ممالک کمزور ریاستوں کو اپنی مرضی کے تابع کرلیں گے

طاقت ور ممالک چھوٹے ممالک کو اپنے تابع بنالیں گے؛ جرمن صدر ٹرمپ پر برس پڑے

جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین مائر نے کہا کہ ہمیں مل کر دنیا کو لٹیروں کے ٹھکانے میں بدلنے سے بچانا ہوگا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمنی کے صدر فرینک والٹر اسٹین مائر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خارجہ پالیسیوں پر شدید تنقید کی ہے۔

برلن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے خبردار کیا ہے کہ عالمی قوانین اور اتحاد کو نظرانداز کیا گیا تو دنیا ایک ایسی جگہ بن جائے گی جہاں طاقتور ممالک کمزور ریاستوں کو اپنی مرضی کے تابع کرلیں گے۔

جرمن صدر فرینک والٹر اسٹین مائر نے مزید کہا کہ دنیا کو لٹیروں کے ٹھکانے میں تبدیل ہونے سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری بنتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ روس کے کریمیا سے الحاق اور یوکرین پر حملے کے بعد اب امریکا کی حالیہ پالیسیاں بھی قواعد پر مبنی عالمی نظام، بین الاقوامی اقدار اور جمہوریت کے لیے شدید خطرہ بن چکی ہیں۔

جرمن صدر کا کہنا تھا کہ اگر عالمی اتحاد اور بین الاقوامی قانون کو مضبوط نہ رکھا گیا تو طاقتور ریاستیں چھوٹے ممالک پر دباؤ ڈالیں گی۔ خودمختاری اور جمہوریت کمزور ہوگی اور عالمی نظام انتشار کا شکار ہو جائے گا۔

انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یورپ کو عالمی قوانین کے دفاع میں واضح اور متحد مؤقف اختیار کرنا ہوگا۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ دنیا کے کسی بھی ملک پر امریکی فوجی کارروائی کا حکم دینے کا مکمل اختیار میرے پاس ہے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ بطور کمانڈر اِن چیف وہ خود ہی اپنے اختیارات کی حد کا تعین کرتے ہیں، اور انہیں صرف ان کی اپنی اخلاقیات اور ان کی ذاتی سوچ ہی روک سکتی ہے۔

 

Load Next Story