کراچی، برطانیہ کے جعلی شیئر کوڈ ای ویزے پر بیرون ملک جانے والا مسافر آف لوڈ
فوٹو: ایف آئی اے
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) امیگریشن نےکراچی ائیرپورٹ میں کارروائی کے دوران برطانیہ کے جعلی شئیرکوڈ ای ویزا پر بیرون ملک جانے والے مسافرکوآف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق امیگریشن عملے نےکراچی ائیرپورٹ پر بروقت کارروائی کے دوران جعلی شیئرکوڈ ای ویزا پر بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنادی۔
انہوں نے بتایا کہ مسافر نے جعلی کوڈ شئیرکے ذریعےکراچی سے برطانیہ جانے کی کوشش کی، محمد عمران نامی مسافر پرواز پی سی 131کے ذریعے ترکیہ جا رہا تھا اور مسافر نے ترکیہ ای ویزا حصول کے لیے برطانیہ کا ای ویزاشیئر کوڈ استعمال کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ امیگریشن کلیئرنس کے دوران مسافر کی جانب سے پیش کیاگیا برطانیہ کا ای شئیرکوڈ ویزاجعلی نکلا اور تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم نے یوکےشیئر کوڈ جعلی نکاح نامےکی بنیاد پر حاصل کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم سے برآمد شواہد میں خاتون کےساتھ نکاح کی جعلی ایڈیٹ شدہ تصاویر بھی شامل ہیں، ملزم نےتمام دستاویزات اور ٹکٹس لاہورکے مختلف ایجنٹوں کےذریعے تیار کروائے۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے 70 لاکھ روپے کے عوض دستاویزات تیار کروائیں جن میں سے 35 لاکھ روپے پہلے ہی ادا کیے جا چکےتھے۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس کی شادی 2014 میں ہوئی اور اس کے 4 بچے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیےایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالےکر دیا گیا۔