کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

فوٹو: فائل

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس کے مبینہ مقابلوں کے دوران دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں کارروائیاں علیحدہ علیحدہ علاقوں میں کی گئیں، جن میں ملزمان کو اسلحے سمیت قابو کیا گیا۔

پہلا واقعہ اسٹیل ٹاؤن کے علاقے میں فلٹر پلانٹ کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔

پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

زخمی ملزم کی شناخت نسیم کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک ایم پی فائیو رائفل، موبائل فون، نقد رقم اور ایک کوسٹر برآمد کی گئی ہے۔

دوسرا مبینہ مقابلہ قائدآباد کے علاقے میں مولا مدد قبرستان کے قریب ہوا، جہاں پولیس نے ایک اور ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو بھی جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جس کی شناخت عطاء اللہ عرف مایا کے نام سے کی گئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے ایک پستول، متعدد موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story